
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر واشنگٹن نے دوبارہ کوئی غلطی کی تو میدان جنگ کا فیصلہ امریکی خواہشات کے بجائے ایرانی مسلح افواج کی صلاحیت اور عزم کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران اب نہ جنگ اور نہ امن کی غیر یقینی صورتحال میں نہیں رہے گا اور کسی بھی معاہدے کے لیے امریکا کو تہران کی سات شرائط تسلیم کرنا ہوں گی۔
پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد باقر قالیباف نے کہا کہ امریکا مذاکرات کرنا چاہتا ہے یا جنگ، اس سے ایران کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ان کے مطابق ایران کی سات شرائط ایرانی قوم کی قربانیوں اور ثابت قدمی کا نتیجہ ہیں اور ان شرائط کو تسلیم کرنے سے ہی کسی معاہدے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔
قالیباف نے خبردار کیا کہ اگر امریکا نے دوبارہ کوئی غلطی کی تو اس کے نتائج صرف ایران اور امریکا تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ کئی فریق اس سے متاثر ہوں گے۔
انہوں نے امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے بیانات کو غیر مہذب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی زبان امریکا کی مایوسی اور اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقت کا مقابلہ کرنے میں ناکامی ظاہر کرتی ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ اسکاٹ بیسنٹ جیسے شخص کو بڑی قوموں کی توہین کرنے کے بجائے خلیج فارس میں اپنی اسٹریٹجک ناکامیوں پر غور کرنا چاہیے، جو مبینہ طور پر دھمکیوں کے خوف سے اپنا گھر چھوڑ کر فوجی پناہ گاہوں میں منتقل ہو گئے تھے۔
قالیباف کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ رہبر انقلاب آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ ملک کو نہ جنگ اور نہ امن کی موجودہ غیر یقینی صورتحال سے نکالا جائے۔
صدر پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایران عزت، انصاف اور برابری کی بنیاد پر مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم کسی دباؤ، دھمکی یا زبردستی کے سامنے سر نہیں جھکائے گا۔
ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے بھی امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ مذاکرات سے متعلق من گھڑت اطلاعات پھیلانے کے بجائے تہران کی سات شرائط تسلیم کرے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی واشنگٹن کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کو ایران کی شرائط تسلیم کرنے یا جنگ جاری رکھنے میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی مسلح افواج دونوں صورتوں کے لیے تیار ہیں۔
دوسری جانب ایران نے آبنائے ہرمز میں سکیورٹی کی بحالی کے لیے دو روزہ تجویز پیش کی ہے۔ اس تجویز کے مطابق اگر امریکا ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی ختم کر دے، تمام محاذوں پر جنگ بند کرے اور بیرون ملک منجمد ایرانی اثاثے بحال کر دے تو 48 گھنٹوں کے اندر آبنائے ہرمز کو تجارتی جہازوں کی آمدورفت کے لیے دوبارہ کھولا جا سکتا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اس تجویز کو آبنائے ہرمز میں سکیورٹی بحال کرنے کے لیے ایک منطقی لائحہ عمل قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق اس منصوبے پر عمل درآمد سے اہم سمندری گزرگاہ میں تجارتی سرگرمیاں بحال کرنے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔