
امریکا میں فضائی سفر کا نظام شدید متاثر ہونے کے بعد ہزاروں پروازیں تاحال منسوخ اور تاخیر کا شکار ہیں، جس کے باعث ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق فضائی آپریشن مکمل طور پر معمول پر آنے میں اتوار کی رات تک کا وقت لگ سکتا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی ایوی ایشن ویب سائٹ فلائٹ اویئر کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہفتے کے روز رات 9 بج کر 35 منٹ تک امریکا میں 6 ہزار 400 سے زائد پروازیں منسوخ جبکہ 8 ہزار سے زیادہ تاخیر کا شکار ہوئیں۔ اس سے ایک روز قبل جمعے کو بھی تقریباً 9 ہزار 200 پروازیں منسوخ اور 7 ہزار 500 تاخیر کا شکار ہوئی تھیں۔ اتوار کے لیے بھی 875 پروازیں پہلے ہی منسوخ کی جاچکی تھیں۔
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے سربراہ برائن بیڈفورڈ نے کہا ہے کہ انہیں توقع ہے کہ اتوار کی رات تک فضائی آپریشن بڑی حد تک معمول پر آجائے گا۔ انہوں نے مسافروں کو پیش آنے والی مشکلات پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ فضائی نظام اس وقت مستحکم ہے۔
واضح رہے کہ جمعے کو ایف اے اے نے فضائی ٹریفک کے مواصلاتی نظام میں خرابی کے باعث ملک بھر میں پروازوں کی روانگی روکنے کا حکم دیا تھا، جس کے نتیجے میں تقریباً پانچ گھنٹے تک بیشتر پروازیں معطل رہیں۔ 11 ستمبر 2001 کے دہشت گرد حملوں کے بعد یہ امریکا میں فضائی سفر کی طویل ترین ملک گیر بندش تھی۔
ابتدائی طور پر امریکی حکام کو خدشہ تھا کہ یہ کسی سائبر حملے کا نتیجہ ہوسکتا ہے، جس کے بعد وائٹ ہاؤس میں ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا گیا۔ تاہم امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی کے مطابق تحقیقات میں خرابی کی وجہ ایف اے اے کے کنٹریکٹر ایل تھری ہیرس کی جانب سے ایک دور دراز تنصیب میں نیا روٹر لگانے کا عمل سامنے آیا ہے۔
شان ڈفی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ حکام اس بات کا تعین کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ آیا یہ خرابی عملے کی غلطی تھی، روٹر نصب کرنے میں کوتاہی ہوئی یا پھر خود روٹر ہی خراب تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اصل خرابی کیا تھی اور اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔
امریکی ایوی ایشن سیفٹی ملازمین کی نمائندہ یونین کے مطابق جمعے کو اپ ڈیٹ کیے گئے دو روٹرز میں مسئلہ سامنے آیا تھا۔ ایک امریکی عہدیدار نے رائٹرز کو بتایا کہ یہ روٹرز ممکنہ طور پر آرکنساس اور ٹیکساس میں نصب تھے۔
ایف اے اے حکام کے مطابق روٹرز کی تنصیب سے پہلے حفاظتی جائزہ لیا گیا تھا، تاہم یونین نے واضح کیا کہ اس کے نمائندہ تکنیکی عملے کو ان اپ گریڈز میں شامل نہیں کیا گیا تھا جن کے بعد پروازوں کی ملک گیر بندش ہوئی۔
دوسری جانب ایل تھری ہیرس کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور تحقیقات میں ایف اے اے کے ساتھ مکمل تعاون کررہی ہے۔
مواصلاتی نظام میں خرابی کیسے پیدا ہوئی؟
امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی کے مطابق جمعے کی دوپہر ایئر ٹریفک کنٹرول مراکز کے ریڈار اور مواصلاتی نظام میں بے قاعدگی پیدا ہوئی۔ روٹرز کی خرابی کے باعث ڈیٹا کا غیر معمولی دباؤ دوسرے مواصلاتی مراکز تک بھی پہنچ گیا، جس سے فضائی ٹریفک کنٹرول کا نظام متاثر ہوا۔
شان ڈفی نے بتایا کہ ہر چار سے پانچ سیکنڈ میں ایک ہزار سے زائد کنکشن کی کوششیں ہورہی تھیں، جس کے باعث طیاروں سے رابطے اور ریڈار کے نظام میں مسائل پیدا ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے 22 میں سے 17 ایئر ٹریفک کنٹرول مراکز اس خرابی سے متاثر ہوئے۔ یہ مراکز پرواز کے دوران طیاروں کی نگرانی اور رہنمائی کرتے ہیں۔
ایف اے اے کے سربراہ برائن بیڈفورڈ نے وضاحت کی کہ کسی بھی مرکز کا رابطہ مکمل طور پر منقطع نہیں ہوا تھا، تاہم ممکنہ خطرے کے پیش نظر ملک بھر میں پروازیں روکنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ فضائی سفر کی حفاظت یقینی بنائی جاسکے۔