
یمن کی سرکاری افواج نے ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیوں کا دعویٰ کیا ہے، دوسری جانب سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے بھی حوثیوں کے دو ڈرون مار گرانے کی اطلاع دی ہے۔
قطری نشریاتی ادارے ْالجزیرہ‘ کے مطابق یمنی سرکاری افواج کے ترجمان ماجد عبداللہ النزیلی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں بتایا کہ گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران حوثی باغیوں کے خلاف مجموعی طور پر 723 حملے اور کارروائیاں کی گئیں۔
ان کے مطابق ان کارروائیوں میں 37 فضائی حملے، 56 ڈرون حملے، 89 راکٹ حملے اور توپ خانے سے 541 حملے شامل تھے۔ ان حملوں میں حوثیوں کے ٹھکانوں، اجتماعات، گاڑیوں اور جنگی سازوسامان کو نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ عوامی مزاحمت کی حمایت سے سرکاری افواج صوبہ تعز میں حوثیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ صوبہ مارب اور الجوف سمیت جنوبی اور جنوب مغربی محاذوں پر بھی جھڑپیں جاری ہیں۔
ماجد عبداللہ النزیلی کے مطابق ابتدائی میدانی اندازوں کی بنیاد پر تازہ کارروائیوں میں حوثی جنگجوؤں اور رہنماؤں سمیت 321 افراد ہلاک اور زخمی ہوئے، جب کہ 117 گاڑیوں اور فوجی سازوسامان کو نقصان پہنچا۔
دوسری جانب ’بی بی سی‘ کے مطابق سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کی طرف بھیجے گئے دو ڈرون تباہ کر دیے ہیں۔
سعودی فوجی اتحاد کے مطابق یہ ڈرون سعودی دارالحکومت ریاض اور ملک کے جنوبی علاقوں کی جانب بھیجے گئے تھے، تاہم انہیں ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی روک کر مار گرایا گیا۔