بس میں خاتون سے بدتمیزی، مریم نواز کا ملازم کے خلاف سخت کارروائی کا حکم


وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹرانسپورٹ کمپنی کے ملازم کی جانب سے بس میں سوار ہونے والی خاتون کو دھکا دینے کے واقعے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ خاتون کو دھکا دینے والے ملازم کو نوکری سے فارغ کرنا کافی نہیں، اس سے متاثرہ خاتون کے سامنے سب کی موجودگی میں معافی بھی منگوائی جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کمپنی کے ملازمین کو عوام کو دھکے دینے کے لیے نہیں رکھا گیا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ خاتون کو دھکا دینے والے ملازم کو پکڑ کر متاثرہ خاتون کے گھر لے جایا جائے اور اس سے سب کے سامنے معافی منگوائی جائے۔
مریم نواز نے واقعے پر فوری کارروائی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ابھی ڈی پی او سے بات کریں گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل فیصل آباد میں بھی ایک خاتون پر تشدد کا واقعہ سامنے آیا تھا، جہاں ایک شاپنگ مال میں خواتین کے لیے مخصوص جگہ پر زبردستی داخل ہونے والے ملزم نے خاتون سیلز گرل کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے نوٹس پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔
بعد ازاں مریم نواز نے ملزم کی گرفتاری کے بعد تھانے میں متاثرہ خاتون کی جانب سے اسے تھپڑ مارنے کی ویڈیو بھی ایکس پر شیئر کی تھی۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ بے بس خاتون پر ہاتھ اٹھانے والے کو اسی ذلت کا سامنا کرنا پڑے گا اور کمزور شہریوں کا استحصال کرنے والوں کو سزا سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles