جے ڈی وینس 2028 کا صدارتی انتخاب لڑیں گے یا نہیں؟ فیصلہ تاحال غیر یقینی

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس 2028 کے صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کے معاملے پر تذبذب کا شکار ہیں۔ ان کے قریبی ساتھیوں کے مطابق وینس انتخاب لڑنے کے امکان کو اب بھی سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں، تاہم حالیہ انتخابی شکست کے بعد وہ اس دوڑ سے الگ رہنے پر بھی غور کر رہے ہیں۔

’واشنگٹن پوسٹ‘ اور ’سی این این‘ کی رپورٹس کے مطابق ریپبلکن پارٹی کو 3 نومبر کے وسط مدتی انتخابات میں بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد 2028 کے صدارتی انتخاب کے لیے جے ڈی وینس کی ممکنہ نامزدگی غیر یقینی ہوگئی ہے۔

وینس کو پہلے ریپبلکن پارٹی کا مضبوط ترین ممکنہ امیدوار سمجھا جا رہا تھا، تاہم اب ان کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے مختلف آرا سامنے آرہی ہیں۔

وینس کے قریبی ساتھیوں کا کہنا ہے کہ وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غیر مقبول پالیسیوں، میگا اتحاد میں اختلافات اور انتخابی شکست کے اثرات سے آگاہ ہیں۔ وہ اس بات پر بھی غور کر رہے ہیں کہ موجودہ سیاسی حالات میں آیا کوئی ریپبلکن امیدوار 2028 کا صدارتی انتخاب جیت سکتا ہے یا نہیں۔

ایران جنگ کو وینس کے سیاسی مستقبل کے لیے سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کے حامیوں کا خیال ہے کہ اگر یہ جنگ جاری رہی تو ریپبلکن امیدوار کے لیے کامیابی حاصل کرنا انتہائی مشکل ہوگا۔ وینس نے وسط مدتی انتخابات میں شکست کے اگلے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک طویل پیغام جاری کرتے ہوئے انتخابی نقصان کی وجہ ایران جنگ کو قرار دیا تھا۔

اس بیان کو بعض حلقوں نے وینس کی جانب سے غیر مقبول جنگ سے سیاسی فاصلہ اختیار کرنے کی کوشش قرار دیا، جب کہ رپورٹس کے مطابق ٹرمپ بھی اس بات پر ناراض ہوئے کہ نائب صدر نے جنگ شروع کرنے کے فیصلے کا کھل کر دفاع نہیں کیا۔

ٹرمپ نے بعد میں کہا کہ وہ وینس کے تجزیے سے اتفاق کرتے ہیں، تاہم ان کا خیال تھا کہ نائب صدر کو یہ بھی کہنا چاہیے تھا کہ اگر انہیں دوبارہ فیصلہ کرنے کا موقع ملے تو وہ جنگ شروع کرنے کا فیصلہ پھر کریں گے۔

’سی این این‘ کے مطابق وینس نے صدارتی انتخاب نہ لڑنے کے امکان پر بھی سنجیدگی سے غور کیا ہے۔ ان کے قریبی افراد کا کہنا ہے کہ وہ 2024 میں ٹرمپ کی کامیابی کا باعث بننے والے میگا اتحاد کو دوبارہ متحد کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، لیکن اس تحریک کی قیادت خود کرنے کے معاملے پر غیر یقینی کا شکار ہیں۔ ان کے ہاں جولائی میں چوتھے بچے کی پیدائش بھی ان کے فیصلے پر اثرانداز ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب وینس کے کئی حامی اب بھی انہیں ریپبلکن پارٹی کی نامزدگی کے لیے سب سے مضبوط امیدوار سمجھتے ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ دو سال کے عرصے میں سیاسی حالات بدل سکتے ہیں اور اگر وینس انتخابی دوڑ میں شامل ہوئے تو وہ پارٹی کے اندر نامزدگی حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

’رائٹرز‘ اور ’اپگزوس‘ کے حالیہ سروے میں 41 فی صد ریپبلکنز اور ریپبلکنز کی طرف جھکاؤ رکھنے والے آزاد ووٹرز نے وینس کو 2028 کے لیے بہترین امیدوار قرار دیا۔ وزیر خارجہ مارکو روبیو 40 فی صد کے ساتھ دوسرے، فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹس 29 فی صد کے ساتھ تیسرے اور ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر 15 فی صد کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے۔

تاہم ریپبلکن پارٹی میں ممکنہ حریف بھی اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹس، ٹیکساس کے سینیٹر ٹیڈ کروز اور جارجیا کے گورنر برائن کیمپ نے 2028 کی صدارتی دوڑ کے حوالے سے سرگرمیاں شروع کردی ہیں۔

اس کے علاوہ ٹرمپ کے سابق حامی اور معروف قدامت پسند مبصر ٹکر کارلسن کی جانب سے آزاد امیدوار کے طور پر انتخاب لڑنے کا امکان بھی ریپبلکنز کے لیے ایک چیلنج بن سکتا ہے۔

وینس کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے صدر ٹرمپ کی حمایت بھی اہم ہوگی، تاہم انہوں نے ابھی یہ واضح نہیں کیا کہ اگر نائب صدر انتخاب لڑتے ہیں تو وہ ان کی حمایت کریں گے یا نہیں۔ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ فی الحال ریپبلکن امیدواروں کی کارکردگی دیکھنا چاہتے ہیں اور بعد میں حمایت کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔

’واشنگٹن پوسٹ‘ کے مطابق وینس کے بعض ساتھیوں کا خیال ہے کہ وہ اگلے سال کی پہلی سہ ماہی تک اپنے فیصلے کا اعلان کرسکتے ہیں، تاہم ’سی این این‘ کے مطابق انہوں نے ابھی اس حوالے سے کوئی حتمی وقت طے نہیں کیا۔

یوں وینس کے لیے 2028 کا صدارتی انتخاب اب بھی ایک امکان ہے، لیکن حالیہ سیاسی حالات نے ان کے فیصلے کو پہلے سے زیادہ پیچیدہ بنا دیا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles