
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کے پوائنٹس ٹیبل میں پاکستان ٹیم سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے ڈرا ہونے کے بعد بھی آخری نمبر پر موجود ہے اور نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کو پیچھے چھوڑ کر پہلی پوزیشن حاصل کرلی جب کہ دفاعی چیمپئن جنوبی افریقا دوسرے اور آسٹریلیا تیسرے نمبر پر ہے۔
پوائنٹس ٹیبل کی تازہ صورت حال
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ نے 6 ٹیسٹ میچز میں 4 فتوحات کے ساتھ 72.22 فیصد پوائنٹس حاصل کیے ہیں اور پہلی پوزیشن پر ہے۔ جنوبی افریقا 7 ٹیسٹ میچز میں 5 کامیابیوں اور 71.43 فیصد پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جب کہ آسٹریلیا 13 میچز میں 9 فتوحات اور 69.23 فیصد پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
اسی طرح بھارت 11 ٹیسٹ میچز میں 5 کامیابیوں اور 51.52 فیصد پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، بنگلہ دیش 8 میچز میں 3 فتوحات اور 45.83 فیصد پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ انگلینڈ 16 میچز میں 7 فتوحات اور 38.54 فیصد پوائنٹس کے ساتھ چھٹے، سری لنکا 7 میچز میں ایک کامیابی اور 33.33 فیصد پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔
اس کے علاوہ ویسٹ انڈیز 14 میچز میں 3 فتوحات اور 27.38 فیصد پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں جب کہ پاکستان 10 میچز میں صرف 2 فتوحات اور 7.5 فیصد پوائنٹس کے ساتھ نویں اور آخری نمبر پر ہے۔
پاکستان کی فائنل تک رسائی مشکل
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ ڈرا ہونے کے بعد دونوں ٹیموں کو پوائنٹس ملے تاہم پاکستان کو میچ جیتنے کا موقع ضائع ہونے سے نقصان اٹھانا پڑا۔
پاکستان نے پہلی اننگز 434 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کی تھی، جس کے جواب میں سری لنکا نے 446 رنز بنائے۔ پاکستان نے دوسری اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنائے تو میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔
پاکستان کے لیے موجودہ سائیکل میں اب صرف 3 ٹیسٹ میچز باقی ہیں، جن میں سری لنکا کے خلاف ایک اور نیوزی لینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ شامل ہیں۔
پاکستان کی جانب سے اس سائیکل میں بابر اعظم 620 رنز بنا کر سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر ہیں جب کہ محمد عباس 33 وکٹوں کے ساتھ نمایاں بولر ہیں۔
پاکستان کو اس سے قبل انگلینڈ کے دورے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا، جہاں اسے تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 0-3 سے شکست ہوئی۔ ایجبسٹن ٹیسٹ میں سست اوور ریٹ کے باعث پاکستان کے 11 پوائنٹس بھی کاٹ لیے گئے تھے، جس سے اس کی پوزیشن مزید متاثر ہوئی۔
نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کی مضبوط پوزیشن
نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں کامیابی کے بعد انگلینڈ کو اس کی سرزمین پر 2-1 سے شکست دی، جس کے بعد ٹیم نے پوائنٹس ٹیبل میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے اس سائیکل میں ڈیون کونوے 676 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بیٹر ہیں جب کہ جیکب ڈفی 23 وکٹیں حاصل کرکے نمایاں بولر ہیں۔
دوسری جانب دفاعی چیمپئن جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کو ہوم سیریز میں 2-1 سے شکست دے کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔ جنوبی افریقا کی جانب سے ریان ریکلٹن 435 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر ہیں جب کہ سائمن ہارمر 42 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر ہیں۔
آسٹریلیا تیسرے نمبر پر
آسٹریلیا نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے موجودہ سائیکل کا آغاز شاندار انداز میں کیا تھا اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں کلین سوئپ کے بعد ایشز سیریز بھی برقرار رکھی تاہم جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز میں 1-2 سے شکست کے بعد آسٹریلیا پہلی پوزیشن سے تیسرے نمبر پر آگیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے ٹریوس ہیڈ 1124 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر ہیں جب کہ مچل اسٹارک 73 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست بولر ہیں۔
دیگر ٹیموں کی صورت حال
بھارت کو جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز میں 0-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد اس کی پوزیشن بھی متاثر ہوئی۔ بھارتی ٹیم کے لیے شبمن گل 1024 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر ہیں جب کہ محمد سراج 43 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
بنگلہ دیش نے پاکستان اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں کامیابی حاصل کرکے اچھی شروعات کی تھی تاہم ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز میں اسے 0-1 سے شکست ہوئی۔ بنگلہ دیش کے نجم الحسن شانتو 708 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر اور تیج الاسلام 28 وکٹوں کے ساتھ کامیاب بولر ہیں۔
انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ 1272 رنز کے ساتھ موجودہ سائیکل کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر ہیں جب کہ جوش ٹنگ 64 وکٹیں حاصل کرکے سب سے کامیاب بولر ہیں۔
سری لنکا کے سونل دینوشا 626 رنز اور اسیتھا فرنینڈو 30 وکٹوں کے ساتھ نمایاں ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے جسٹن گریوز 881 رنز جب کہ شمار جوزف 40 وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کے کامیاب ترین بیٹر اور بولر ہیں۔
ٹیموں کے باقی ٹیسٹ میچز
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کے موجودہ سائیکل میں مختلف ٹیموں کے باقی ماندہ ٹیسٹ میچز کے شیڈول کے مطابق نیوزی لینڈ کو بھارت، سری لنکا، آسٹریلیا اور پاکستان کے خلاف سیریز کھیلنی ہیں جب کہ جنوبی افریقا کے مقابلے بنگلہ دیش، انگلینڈ اور سری لنکا سے ہوں گے۔
آسٹریلیا کو نیوزی لینڈ اور بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنا ہیں جب کہ بھارت کے باقی میچز آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہوں گے۔
بنگلہ دیش کو جنوبی افریقا اور انگلینڈ، انگلینڈ کو جنوبی افریقا اور بنگلہ دیش جب کہ سری لنکا کو پاکستان، جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں۔
ویسٹ انڈیز اپنے تمام 14 ٹیسٹ میچز مکمل کرچکا ہے جب کہ پاکستان کے پاس فائنل تک رسائی کی امید برقرار رکھنے کے لیے صرف 3 ٹیسٹ میچز باقی ہیں۔