سونے کی قیمت میں اچانک ہزاروں روپے کی کمی، فی تولہ کتنے کا ہوگیا؟

پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل چوتھے روز بھی ہزاروں روپے کی بڑی کمی ہوئی ہے، جہاں فی تولہ سونا 4900 روپے اور 10 گرام سونا 4201 روپے سستا ہوگیا ہے۔

عالمی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں جمعے کے روز بھی پاکستان میں سونے اور چاندری کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج کاروباری ہفتے کے آخری روز ملک بھر میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 4 ہزار 900 روپے کی بڑی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 11 ہزار 636 روپے ہوگئی ہے۔

اسی طرح مقامی سطح پر 10 گرام سونے کی قیمت میں 4 ہزار 201 روپے کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد 10 گرام سونے کی نئی قیمت 3 لاکھ 52 ہزار 911 روپے ہوگئی ہے۔

دوسری جانب بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں 49 ڈالر کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد فی اونس سونا 3 ہزار 891 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔

ملک بھر میں سونے کے ساتھ چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، مقامی مارکیٹ میں 24 قیراط چاندی کی فی تولہ قیمت 111 روپے کم ہو کر 5 ہزار 467 روپے ہوگئی جب کہ 10 گرام چاندی کی قیمت 95 روپے کی کمی سے 4 ہزار 687 روپے کی سطح پر آگئی۔ اس کے علاوہ عالمی مارکیٹ میں چاندی کی قیمت ایک ڈالر 11 سینٹ کمی کے بعد 49 ڈالر 89 سینٹ فی اونس ریکارڈ کی گئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز 12 نومبر کو پاکستان میں فی تولہ سونا 10 ہزار 900 روپے سستا ہوکر 4 لاکھ 16 ہزار 536 روپے کا ہوگیا تھا جب کہ 10 گرام سونے کی قیمت 9 ہزار 345 روپے کی کمی کے بعد 3 لاکھ 57 ہزار 112 روپے ہوگئی تھی۔

11 نومبر کو بھی سونے کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی تھی، فی تولہ سونا 3 ہزار 400 روپے سستا ہوکر 4 لاکھ 27 ہزار 436 روپے جب کہ 10 گرام سونا 2 ہزار 915 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 66 ہزار 457 روپے کا ہوگیا تھا۔

10 نومبر کو بھی فی تولہ سونا 1 ہزار 500 روپے سستا ہوا تھا، جس کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 30 ہزار 836 روپے ہوگئی تھی، اسی طرح 10 گرام سونا بھی 1 ہزار 286 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 69 ہزار 372 روپے کا ہوگیا تھا۔

اس سے قبل 09 نومبر کو سونے کی فی تولہ قیمت 3200 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 32 ہزار 336 روپے ہو گئی تھی جب کہ 10 گرام سونے کی قیمت بھی 2744 روپے اضافے سے 3 لاکھ 70 ہزار 658 روپے ہوگئی تھی۔

واضح رہے کہ عالمی اور ملکی سطح پر مختلف عوامل سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں، ان عوامل میں امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورت حال میں غیر یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہے۔

عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔ ایسے حالات میں سونے کی طلب بڑھنے سے اس کی عالمی قیمت میں اضافہ ہو سکتا ہے جب کہ غیر یقینی صورتحال میں کمی قیمتوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔

پاکستان میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے علاوہ روپے اور امریکی ڈالر کا شرح تبادلہ بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles