امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کی کوشش ناکام بنا دی گئی

امریکی ایوانِ نمائندگان نے وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف دائر مواخذے کی قرار داد 204 کے مقابلے میں 211 ووٹوں سے مسترد کر دی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اپنی ہی جماعت ریپبلکن پارٹی کے رکنِ کانگریس تھامس میسی کی جانب سے پیش کی جانے والی اس قرارداد میں وزیرِ دفاع پر ایران کے شہر میناب میں ایک اسکول پر امریکی حملے کے دوران بچوں اور دیگر شہریوں کی شہادت، آئین کی خلاف ورزی اور اختیارات کے غلط استعمال کے سنگین الزامات عائد کیے گئے تھے، جسے ایوان نے مزید کارروائی کے لیے عدالتی کمیٹی کے سپرد کر دیا ہے۔

مواخذے کی کارروائی ناکام ہونے کے بعد پینٹاگون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے اپنے خلاف اس کوشش کو سیاسی تماشا، ذاتی عناد اور انا پر مبنی اقدام قرار دے کر مسترد کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی تاریخ کے 250 برسوں میں کبھی کسی وزیرِ دفاع کو قانونی فوجی کارروائیوں پر مواخذے کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور ماضی میں رونالڈ ریگن، بل کلنٹن، باراک اوباما اور جو بائیڈن کے ادوار میں بھی مختلف خطوں میں فوجی آپریشنز کیے گئے تھے۔

پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں کی گئی عسکری کارروائیوں پر انہیں فخر ہے اور ضرورت پڑنے پر امریکی جانوں اور مفادات کی حفاظت کے لیے ایسے اقدامات دوبارہ اٹھائے جائیں گے۔

وزیرِ دفاع نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ امریکی سینٹ کام کسی بھی ممکنہ کشیدگی کا موثر جواب دینے کے لیے مکمل فوجی قوت کے ساتھ تیار ہے۔

انہوں نے منشیات کے کارٹیلز اور ایرانی ملٹری صلاحیتوں کو کمزور کرنے سے متعلق اقدامات کو درست قرار دیا، اور نائب صدر جے ڈی وینس کے اس بیان پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا جس میں وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکنز کی شکست کا ذمہ دار ایران جنگ کو قرار دیا گیا تھا۔

پیٹ ہیگسیتھ کا کہنا تھا کہ وہ نائب صدر کا احترام کرتے ہیں اور سیاسی الزام تراشی کے بجائے صرف اس بات پر قائم ہیں کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے لیے عسکری پیش رفت ایک درست فیصلہ تھا۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایوانِ نمائندگان کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مواخذے کی کوشش ناکام ہونا ایک عظیم امریکی حب الوطن کی کامیابی ہے، کیونکہ تھامس میسی کے سوا تمام ریپبلکن ارکان نے ہیگسیتھ کی حمایت میں ووٹ دیا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہیگسیتھ کی قیادت میں امریکا نے وینزویلا اور ایران میں غیر معمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور اس وقت امریکی فوج میں ریکارڈ بھرتیاں اور زبردست جذبہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔

انہوں نے ڈیموکریٹس پر اپنے مخالفین کے خلاف ریاستی اداروں کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles