حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی کردی

وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرتے ہوئے اگلے ایک روز کے لیے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 7 روپے کمی کردی ہے۔

وزارت پیٹرولیم ڈویژن نے 11 نومبر تک کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے جاری کردہ طریقہ کار کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد وبدل کیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 346 روپے سے کم ہو کر 338 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 7 روپے کی کمی کی گئی ہے، اس کمی کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 378 روپے کم ہو کر 371 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے اگلے ایک دن 11 نومبر کے لیے ہوگیا۔

پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق اعلان کردہ قیمتیں عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے منسلک ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ عالمی مارکیٹ میں تبدیلیوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 36 مرتبہ کمی اور 39 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے وہی ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 32 مرتبہ کمی ہوئی اور 45 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے کے آخری روز 06 نومبر کو حکومت نے اگلے 4 دن کے لیے 07 نومبر سے 10 نومبر تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرتے ہوئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 59 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 25 پیسے کی کمی تھی، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 346 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 378 روپے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی۔

واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ بحران کے باعث حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کیا جاتا ہے تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔

مسلسل مہنگے ایندھن کے اثرات کم کرنے کے لیے 13 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کے لیے فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles