
فرانس کی جانب سے ایران پر سائبر حملوں کے الزامات کے بعد ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سخت ردعمل دیتے ہوئے فرانسیسی حکومت پر اپنی ناکامیوں کا ذمہ دار دوسروں کو ٹھہرانے کا الزام عائد کردیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے فرانسیسی وزارت خارجہ کے اس بیان پر ردعمل دیا ہے، جس میں فرانس نے اپنی سرزمین پر سائبر حملوں کا الزام ایران پر عائد کیا تھا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے فرانسیسی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ فرانسیسی حکام اپنے عوام کی مشکلات تو حل نہیں کرسکتے، ان کی حکومت سپر مارکیٹوں کے فرج تک سنبھالنے کی صلاحیت نہیں رکھتی اور اپنی ناکامیوں کا الزام دوسروں پر عائد کررہی ہے۔
عباس عراقچی نے کہا کہ فرانسیسی حکومت اپنی ناکامیوں کا الزام دوسروں پر ڈالنے کے بجائے اپنے عوام کی شکایات دور کرے۔
انہوں نے ایران کی طاقت سے متعلق کہا کہ ہاں، ایران بلاشبہ ایک طاقتور ملک ہے لیکن فرانس کے برعکس ہم اپنی طاقت غزہ میں قتل و غارت گری کی حمایت کے لیے استعمال نہیں کرتے، ایران اپنی طاقت کا استعمال اسکولوں اور اسپتالوں پر بمباری کے لیے بھی نہیں کرتا۔
یاد رہے کہ فرانسیسی وزارت خارجہ نے دعویٰ کیا تھا کہ 11 اور 12 اکتوبر کی درمیانی شب سائبر حملوں کی ایک مہم کے دوران فرانس میں 700 سے زائد ریٹیل مراکز کے ریفریجریشن سسٹم کے کنٹرول کو نشانہ بنایا گیا۔
فرانسیسی وزارت خارجہ کے مطابق ان حملوں کے نتیجے میں مالی نقصان ہوا، بعض مقامات پر آگ لگنے کے واقعات پیش آئے اور خوراک خراب ہونے سے کروڑوں یورو کا نقصان ہوا۔
فرانس نے ان سائبر حملوں کا الزام ایرانی پاسداران انقلاب سے منسلک ایک سائبر یونٹ پر عائد کرتے ہوئے انہیں ملک کے اہم نظام اور تنصیبات کے لیے خطرہ قرار دیا تھا۔
فرانسیسی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ وہ ایرانی سفیر کو طلب کرکے ان حملوں پر احتجاج ریکارڈ کرائے گی۔ اس کے علاوہ مبینہ سائبر حملوں میں ملوث ایرانی اداروں اور افراد کے خلاف مزید پابندیاں عائد کرنے کی تجویز بھی پیش کی جائے گی۔
عباس عراقچی نے فرانسیسی الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فرانسیسی حکومت اپنے مسائل حل کرنے کے بجائے دوسروں کو مورد الزام ٹھہرا رہی ہے تاہم فرانس کی جانب سے عائد کردہ سائبر حملوں کے الزامات اور ایران کا مؤقف اپنی اپنی حکومتوں کے بیانات کی صورت میں سامنے آیا ہے۔