
کینیڈا نے ایران کی نیشنل آئل کمپنی، نیشنل ایرانی ٹینکر کمپنی اور بینک ملت سمیت 11 ایرانی اداروں پر پابندیاں دوبارہ عائد کردی ہیں۔ ان اداروں کو 2016 میں ایران کے جوہری معاہدے کے بعد پابندیوں کی فہرست سے نکال دیا گیا تھا۔
کینیڈا کی وزارت خارجہ کے مطابق ان پابندیوں کا مقصد ایران کی حساس ٹیکنالوجی اور مالی وسائل تک رسائی محدود کرنا ہے۔ پابندیوں کے تحت کینیڈا میں مقیم افراد اور بیرون ملک رہنے والے کینیڈین شہری ان اداروں کے ساتھ مخصوص مالیاتی اور جائیداد سے متعلق لین دین نہیں کرسکیں گے۔
پابندیوں کی فہرست میں شامل اداروں میں نیوکلیئر فیول پروڈکشن اینڈ پروکیورمنٹ کمپنی، نیوکلیئر ری ایکٹرز فیول کمپنی، کالا نفت، نفت ایران انٹرٹریڈ کمپنی، نیشنل ایرانی آئل کمپنی اور نیشنل ایرانی ٹینکر کمپنی شامل ہیں۔
قطر کے نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کے مطابق اس کے علاوہ بینک ملت، بینک ملی ایران، بینک آف انڈسٹری اینڈ مائن، ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ بینک آف ایران اور ایران انشورنس کمپنی بھی پابندیوں کی زد میں آئیں گے۔
کینیڈا نے جولائی 2010 میں ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری نہ کرنے پر پابندیاں عائد کی تھیں۔
تاہم جولائی 2015 میں ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان مشترکہ جامع لائحہ عمل (جے سی پی او اے) کے نام سے جوہری معاہدہ طے پایا، جس کے تحت ایران نے اپنے جوہری پروگرام پر پابندیاں قبول کیں اور بین الاقوامی معائنے کی اجازت دی، اس کے بدلے ایران کو پابندیوں میں ریلیف دیا گیا۔
جنوری 2016 میں بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے رپورٹ کیا کہ ایران نے معائنے کی اجازت دینے اور جوہری پروگرام محدود کرنے کے اقدامات کیے ہیں۔ اس پیش رفت کے بعد کینیڈا نے فروری 2016 میں اپنی یک طرفہ پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے ان 11 اداروں کو بھی پابندیوں کی فہرست سے نکال دیا تھا۔
کینیڈا کی وزارت خارجہ کے مطابق جون 2025 میں آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز نے ایک قرارداد منظور کی، جس میں کہا گیا کہ ایران اپنی جوہری سرگرمیوں سے متعلق حفاظتی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہا۔ قرارداد میں ایران سے ایجنسی کے ساتھ مکمل تعاون کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔
اگلے ماہ اسرائیل اور امریکا کے ایران پر حملوں کے بعد تہران نے آئی اے ای اے کے ساتھ تعاون معطل کردیا، جس سے ایجنسی کی جوہری سرگرمیوں کی نگرانی اور تصدیق کا عمل مزید متاثر ہوا۔
اگست 2025 میں فرانس، جرمنی اور برطانیہ نے ایران کی جانب سے جوہری ذمہ داریوں کی عدم تعمیل پر اسنیپ بیک طریقہ کار فعال کردیا۔
اس اقدام کے نتیجے میں ستمبر 2025 میں اقوام متحدہ کی وہ جوہری پابندیاں دوبارہ نافذ ہوگئیں جو 2015 کے معاہدے کے تحت ختم کی گئی تھیں۔ کینیڈا نے بھی اسی ماہ ان پابندیوں پر عمل درآمد کے لیے اپنے متعلقہ ضوابط میں ترمیم کی تھی۔
جون 2026 میں جی سیون ممالک نے اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کو جوہری ہتھیار تیار کرنے یا حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔ کینیڈا نے بھی واضح کیا ہے کہ جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے کے تحت ایران پر جوہری ہتھیار تیار یا حاصل نہ کرنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
دوسری جانب ایران مسلسل یہ مؤقف اختیار کرتا رہا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پُرامن مقاصد کے لیے ہے۔