میرے خلاف مواخذے کی کوشش فوج کو نشانہ بنانے کے مترادف ہے: پیٹ ہیگستھ

امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے اپنے خلاف مواخذے کی کوشش کو سیاسی ڈراما اور ذاتی عناد کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ قانونی فوجی کارروائیوں پر مواخذے کی کوئی بنیاد نہیں اور وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں کیے گئے ہر فوجی آپریشن کی حمایت کرتے ہیں۔

پینٹاگون میں گفتگو کرتے ہوئے پیٹ ہیگستھ نے کینٹکی سے ری پبلکن رکن کانگریس تھامس میسی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ وہ کانگریس میں اپنے آخری دنوں کو صدر ٹرمپ اور امریکی فوج کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

ہیگستھ نے مواخذے کی کوشش کو ’’سیاسی تماشا، ذاتی منشور اور انا اور ناراضی سے متاثر اقدام‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ محض ایک ڈراما اور سیاسی اسٹنٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی تاریخ کے تقریباً 250 برسوں میں کسی وزیر دفاع یا وزیر جنگ کا قانونی فوجی کارروائیاں انجام دینے پر کبھی مواخذہ نہیں ہوا۔ ان کے مطابق ماضی میں مختلف صدور کے ادوار میں بھی فوجی آپریشن کیے گئے، جن میں لبنان میں رونالڈ ریگن، کوسوو میں بل کلنٹن، عراق اور شام میں باراک اوباما اور اسی خطے میں جو بائیڈن کے دور کے آپریشنز شامل ہیں۔

پیٹ ہیگستھ نے صدر ٹرمپ کے پہلے دورِ صدارت میں ان کے خلاف دو مرتبہ مواخذے کی کارروائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اب مخالفین تیسری مرتبہ یہی کوشش کر رہے ہیں، تاہم اس بار صدر کے کابینہ رکن کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے محکمہ دفاع کو وہ کچھ فراہم کیا ہے جو اسے ایک نسل سے حاصل نہیں تھا اور وہ ہر فوجی آپریشن کی حمایت کرتے ہیں۔ ہیگستھ کے مطابق وہ ان کارروائیوں پر فخر کرتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر انہیں دوبارہ انجام دیں گے۔

امریکی وزیر جنگ نے کہا کہ مواخذے کی قراردادیں فوجی اہلکاروں کو یہ پیغام دیتی ہیں کہ ان کی خدمات جرم تھیں، حالانکہ وہ ہیرو ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی فوجی اہلکاروں کو نشانہ بنانے آئے گا تو اسے پہلے ان کا سامنا کرنا ہوگا۔

ہیگستھ نے کہا کہ پالیسی سے اختلاف کا مناسب طریقہ قانون سازی، بحث اور اگلے صدارتی انتخابات ہیں۔ ان کے بقول مواخذے کی کوشش ایران، منشیات کے کارٹلز اور دیگر مخالفین کو یہ پیغام دیتی ہے کہ امریکا قانونی فوجی کارروائیاں کامیابی سے انجام دینے والے اپنے فوجیوں اور سویلین قیادت کو سزا دے گا۔

انہوں نے ٹرمپ انتظامیہ کی فوجی کارروائیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ امریکی جانوں کو ترجیح دینے پر معذرت نہیں کی جائے گی۔ ان کے مطابق منشیات کی اسمگلنگ روکنے اور ایران کی فوجی صلاحیتوں کو کمزور کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات درست تھے۔

ایران کو خبردار کرتے ہوئے ہیگستھ نے کہا کہ امریکی افواج کسی بھی مزید کشیدگی کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں اور سینٹ کام کی مکمل فوجی قوت اور صلاحیت موجود ہے۔

دوسری جانب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی جانب سے ایران جنگ کو وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکنز کی شکست کی اہم وجہ قرار دینے کے بیان پر ہیگستھ نے کہا کہ وہ نائب صدر کا بہت احترام کرتے ہیں اور سیاسی الزام تراشی میں دلچسپی نہیں رکھتے۔

تاہم انہوں نے ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے لیے فوجی کارروائی کو درست فیصلہ قرار دیا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles