
خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک نے کویت میں مشترکہ فوجی کمانڈ ہیڈکوارٹر قائم کرنے اور فوجی دستے تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ جی سی سی کے سیکرٹری جنرل کے مطابق اس اقدام کا مقصد مشترکہ خطرات سے مل کر نمٹنا اور خلیجی ممالک کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔
قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق جی سی سی نے نئے فوجی مرکز کے لیے کویت کے انتخاب کو رکن ممالک کے مشترکہ دفاعی تعاون مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا ہے۔
جی سی سی سیکریٹری جنرل کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق یہ فیصلہ منگل کو بحرین کے دارالحکومت منامہ میں منعقدہ رکن ممالک کی مشترکہ دفاعی کونسل کے 23ویں اجلاس میں کیا گیا تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مشترکہ فوجی کمانڈ ہیڈکوارٹر کے قیام سے رکن ممالک کی سلامتی اور خودمختاری کا تحفظ اور مشترکہ خطرات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت مضبوط ہوگی جب کہ ہیڈکوارٹر میں فوجی دستے بھی تعینات کیے جائیں گے۔
جاسم محمد البدیوی نے اپنے بیان میں ایران کے مبینہ حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے خلیجی ممالک کے درمیان فوجی تعاون اور ہم آہنگی کی بھی تعریف کی۔ ان کے مطابق یہ اقدامات خطے کی بدلتی صورت حال سے نمٹنے کے لیے خلیجی یکجہتی اور انضمام کی بہترین مثال ہیں۔
الجزیرہ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ کے امور پر نظر رکھنے والے ایک سینئر محقق نے جی سی سی کے مشترکہ فوجی کمانڈ کے لیے کویت کا انتخاب کو انتہائی اہم قرار دیا ہے۔
الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے مہند سلوم نے کہا کہ کویت کو ایران اور عراق دونوں کی جانب سے حملوں کا سامنا کرنا پڑا، تاہم متعدد حملوں کے باوجود کویت نے محتاط اور معتدل مؤقف اختیار کیا۔ ان کے بقول ’کویت میں مشترکہ فوجی کمانڈ کا ہیڈکوارٹر کا قیام جی سی سی ممالک کو یقین دہانی ہے کہ وہ ہر ممکن صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ابھی یہ معلوم نہیں کہ کون کون سے خلیجی ممالک اس مشترکہ فوجی دستے میں اپنے اہلکاروں کی تعیناتی پر رضامند ہوں گے۔