
وزیراعظم شہباز شریف نے چشمہ 5 جوہری بجلی گھر کے گنبد کی تنصیب کو تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چشمہ 5 منصوبہ پاکستان کا سب سے بڑا جوہری بجلی گھر ہے اور یہ سنگ میل چین کے تعاون سے حاصل ہوا۔ انہوں نے چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے عوام کو صاف، سستی اور قابلِ اعتماد بجلی ملے گی، پاکستان اپنی محنت، لگن اور مسلسل کوششوں سے اپنا مستقبل خود تعمیر کرے گا۔
میانوالی میں چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ 5 کی ڈوم پلیسمنٹ کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز و فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چشمہ 5 پاکستان کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے، جس کا حصول چین کے تعاون سے ممکن ہوا، پاکستان چین کے تعاون پر شکر گزار ہے، چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ 5 ملک کے لیے صاف اور قابل اعتماد بجلی فراہم کرے گا جب کہ یہ منصوبہ سستی بجلی کی فراہمی کی بھی ضمانت ہے۔
چشمہ 5 چین کے تعاون سے تعمیر پاکستان کا ساتواں جوہری بجلی
شہباز شریف نے کہا کہ توانائی کا تحفظ پاکستان کے عوام اور معیشت دونوں کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے، یہ منصوبہ عوام کو صاف اور قابل خرید توانائی فراہم کرے گا، پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہورہے ہیں، ایسے میں صاف توانائی کی فراہمی کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چشمہ 5 چین کے تعاون سے تعمیر ہونے والا پاکستان کا ساتواں جوہری بجلی گھر ہوگا، منصوبے کا سنگ بنیاد جولائی 2023 میں رکھا گیا تھا جب کہ اس کا مقررہ وقت سے پہلے اہم سنگ میل عبور کرنا باعث فخر ہے۔
پاکستان اور چین کے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے، پاکستان چینی صدر شی جن پنگ اور حکومت چین کا شکر گزار ہے، چینی انجینئرز نے پاکستانی ماہرین کے شانہ بشانہ کام کرکے اس منصوبے کی تکمیل میں اہم کردار ادا کیا۔
پاک چین دوستی سمندر سے گہری اور فولاد سے زیادہ مضبوط
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہری اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے، سی پیک کا دوسرا مرحلہ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط کرے گا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ چشمہ 5 منصوبہ معاشی مواقع پیدا کرنے اور روشن مستقبل کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرے گا، میانوالی کے عوام نے اس عظیم منصوبے کی فراخدلی سے میزبانی کی، چشمہ پاور پلانٹ پاکستان اور میانوالی کے عوام کا فخر ہے۔
پاکستان کا مستقبل امن، سلامتی اور استحکام سے وابستہ
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل امن، سلامتی اور استحکام سے وابستہ ہے، مسلح افواج نے ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے معرکہ حق میں جرأت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔
شہباز شریف نے معاشی بحالی اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے مسلح افواج کی معاونت کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کے خوابوں کے مطابق معاشی طور پر مضبوط اور خودمختار پاکستان تعمیر کرنا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کو خوشحال، پرامن اور مضبوط ملک بنانا ہم سب کا مشترکہ عزم ہے اور ملک اپنی محنت، لگن اور انتھک کوششوں سے اپنا مستقبل خود تعمیر کرے گا۔