مڈٹرم الیکشن: ریاستی نشستوں پر 6 پاکستانی نژاد سیاست دان بھی کامیاب

امریکہ کے وسط مدتی انتخابات میں متعدد پاکستانی نژاد امریکی امیدواروں نے بھی ریاستی سینیٹ اور اسمبلیوں کی نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی ہے۔ ان کامیابیوں کو مختلف امریکی ریاستوں میں پاکستانی نژاد کمیونٹی کی نمائندگی اور مقامی سطح پر اثرورسوخ کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

منگل کے روز ہونے والے انتخابات میں اب تک سامنے آنے والے نتائج کے مطابق 6 پاکستانی نژاد پاکستانیوں نے کامیابیاں سمیٹی ہیں۔

ڈیموکریٹ امیدوار مریم صبیح نے ریاست پنسلوانیا میں مقامی ایوانِ نمائندگان کے حلقہ نمبر 131 کی نشست ’سینیٹ 2‘ پر کامیابی حاصل کی ہے۔

مریم صبیح پاکستانی نژاد امریکی صحافی اور فری لانس مصنفہ ہیں۔ وہ پنسلوانیا کے ایوانِ نمائندگان کی ایک نشست پر ڈیموکریٹس کے ٹکٹ پر الیکشن میں کھڑی ہوئی تھیں۔

مریم صبیح نے لیہائی یونیورسٹی سے سیاسیات میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے، وہ الجزیرہ اور دی ہفنگٹن پوسٹ سمیت مختلف بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے لیے لکھتی رہی ہیں۔

ان کے انتخابی منشور میں بزرگ شہریوں اور مکان مالکان پر پراپرٹی ٹیکس کا بوجھ کم کرنے، اسلحے کے محفوظ استعمال سے متعلق قوانین متعارف کرانے، سرکاری تعلیم کے لیے فنڈنگ کی حمایت اور ڈیٹا سینٹرز کی توانائی کے استعمال پر سخت نگرانی اور جواب دہی کے اقدامات کو نمایاں اہمیت حاصل تھی۔

ریاست کنیکٹیکٹ میں بھی پاکستانی نژاد مریم خان مقامی سینیٹ کی نشست پر کامیاب ہوگئی ہیں۔

ڈیموکریٹ امیدوار مریم خان نے ری پبلکن حریف ٹم ناٹس کو شکست دی۔ وہ اس سے قبل چار سال تک ریاستی ایوانِ نمائندگان کی رکن بھی رہ چکی ہیں۔

کنیکٹیکٹ ہی میں ڈاکٹر سعود انور بھی ریاستی سینیٹ کی نشست پر دوبارہ جیت کے بعد اپنی نشست برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔

ٹیکساس میں بھی پاکستانی نژاد امیدواروں نے کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے، جہاں سلمان بھوجانی نے ریاستی ایوانِ نمائندگان کا انتخاب دوبارہ جیت لیا ہے۔ انہوں نے 67 فیصد ووٹ حاصل کیے اور اپنے حریف کو شکست دے کر ایک اور مدت کے لیے اپنی نشست برقرار رکھی۔

ٹیکساس کے ہی ایک اور حلقے سے سلیمان لالانی بھی دوبارہ منتخب ہوئے ہیں۔ انہوں نے بھی 67 فیصد ووٹ حاصل کیے اور ریاستی اسمبلی کی نشست برقرار رکھنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

ادھر ریاست جارجیا کے میں بھی پاکستانی نژاد امریکی امیدوار فاروق مغل نے 60.8 فیصد ووٹ حاصل کر کے ریاستی اسمبلی کی نشست جیت لی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستانی نژاد امیدواروں کو یہ کامیابیاں امریکی وفاقی کانگریس کے بجائے مختلف ریاستوں کی مقننہ اور سینیٹ کی نشستوں پر حاصل ہوئی ہیں۔ تاہم مختلف ریاستوں میں ان کی کامیابیوں کو پاکستانی نژاد امریکیوں کی سیاسی نمائندگی کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles