کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن اور 10 روپے کا سکہ متعارف کرانے کی منظوری


وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ کی سفارش پر نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری کے ساتھ ساتھ 10 روپے کے بینک نوٹ کی جگہ 10 روپے کا سکہ متعارف کرانے کی منظوری دے دی ہے۔
بدھ کے روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں خیبرپختونخوا کے انتظامی امور، نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن، پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون سمیت مختلف امور پر اہم فیصلے کیے گئے۔

وفاقی کابینہ نے وزارتِ خزانہ کی سفارش پر نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی  منظوری دے دی، اجلاس میں وفاقی کابینہ کو نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ نئے نوٹوں کی تیاری کے لیے ملک بھر کے مصوروں اور ڈیزائنرز سے تجاویز حاصل کی گئیں۔
بریفنگ کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے قائم کردہ کابینہ کمیٹی نے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کے حوالے سے تمام متعلقہ فریقوں سے تفصیلی مشاورت بھی کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ جعلی کرنسی کی روک تھام کے لیے نئے نوٹوں میں جدید سیکیورٹی فیچرز شامل کیے جائیں گے جب کہ ان کی تیاری میں جدید میٹریل استعمال کیا جائے گا تاکہ نوٹوں کی پائیداری اور قابل استعمال مدت میں اضافہ ہوسکے۔
اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے 10 روپے کے بینک نوٹ کی جگہ 10 روپے کا سکہ متعارف کرانے کی بھی منظوری دے دی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles