وزیراعظم کی پٹرول سبسڈی نہ دینے والے پمپس کے خلاف کارروائی کی ہدایت


وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرول سبسڈی اسکیم میں بے ضابطگیوں اور تعاون نہ کرنے والے پٹرول پمپس کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے پمپس کو چھٹی کا دودھ یاد دلا دیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایل پی جی مافیا کا دور ختم ہوچکا ہے اور حکومت ایل پی جی درآمد کرکے عوام کو سبسڈی فراہم کرے گی۔
اسلام آباد میں وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خطے کی صورتِ حال کے باعث پاکستان بھی متاثر ہو رہا ہے، تاہم عالمی امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایران کا دورہ کیا، جب کہ تہران میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا اجلاس بھی ہوا، جہاں بات چیت انتہائی خوش گوار اور مثبت ماحول میں ہوئی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، تاہم حکومت نے توانائی کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عام آدمی پر نہیں پڑنے دیا۔ پٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافے کا بوجھ بھی عوام پر منتقل نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر پٹرولیم اور ان کی ٹیم نے ریفائنریز کے ساتھ اہم بات چیت کی، جب کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے فیول سبسڈی اسکیم شروع کی گئی، جس سے ڈیڑھ کروڑ افراد براہ راست استفادہ کر چکے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ سبسڈی اسکیم میں تعاون نہ کرنے والے پٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں وزیر پٹرولیم کو ہدایت کی کہ ایسے پمپس کے خلاف سخت کارروائی کریں تاکہ انہیں چھٹی کا دودھ یاد آجائے۔
انہوں نے بتایا کہ پٹرولیم امور کے انتظامات پی ایس او اور پارکو جیسے سرکاری اداروں کے ذریعے چلائے جا رہے ہیں، جب کہ ایل پی جی کی فراہمی کے لیے بھی نظام ترتیب دیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایل پی جی مافیا کا دور ختم ہوچکا ہے، حکومت ایل پی جی درآمد کرے گی اور عوام کو اس پر سبسڈی فراہم کرے گی۔
خیبرپختونخوا کی صورتِ حال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام حکومت کی پہلی، دوسری اور تیسری ترجیح ہے۔ صوبے میں امن و امان کے لیے 160 ارب روپے کا ترقیاتی پیکج منظور کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے غیور عوام نے دہشت گردی کے خلاف بے شمار قربانیاں دی ہیں اور حکومت وطن عزیز سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 2018 میں ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوچکا تھا، تاہم بدقسمتی سے دہشت گردی کے ناسور نے دوبارہ سر اٹھا لیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ خطے کی صورتِ حال کے باعث بحری راستوں پر چیلنجز درپیش ہیں، جب کہ موسم سرما میں عوام کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے میزائل سسٹم کے کامیاب تجربے کو پوری قوم کے لیے فخر کا لمحہ قرار دیا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles