
خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے انگوراڈہ میں افغان سرحدی پوسٹوں سے پاکستانی چوکیوں پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی، تاہم پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کی جوابی اور مؤثر کارروائی پر افغان طالبان اپنی پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہوگئے ہیں۔
جنوبی وزیرستان لوئر کے ڈپٹی کمشنر(ڈی سی) کے مطابق یکم نومبر کو جنوبی وزیرستان کے علاقے انگوراڈہ میں افغان سرحدی پوسٹوں سے پاکستانی چوکیوں پر بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری رہے۔
پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے متعدد افغان سرحدی پوسٹوں، مارٹر پوزیشنز اور دفاعی چوکیوں کو نشانہ بنایا جب کہ پاکستانی فورسز کے شدید ردعمل پر افغان طالبان اپنی پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق پاکستان کی جانب سے سرحدی علاقوں میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے جب کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 27 اکتوبر کو خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے انگور اڈہ میں افغان طالبان فورسز کی جانب سے فائرنگ اور گولہ باری کا واقعہ پیش آیا تھا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ افغان جانب سے پاکستانی سرحدی چوکیوں اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔ ایک مارٹر گولہ آبادی میں واقع گھر پر گرنے سے ایک شہری جاں بحق اور ایک ہی خاندان کے پانچ افراد زخمی ہوگئے جب کہ مقامی آبادی میں تشویش پھیل گئی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان کی متعدد چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔
وزارت اطلاعات و نشریات نے 28 اکتوبر کو انگور اڈہ واقعے سے متعلق افغان طالبان کے بیان کو جھوٹا اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا۔
وزارت اطلاعات کے فیکٹ چیک میں کہا گیا تھا کہ افغان طالبان فورسز نے پاکستانی حدود میں غیر مسلح شہریوں پر بلااشتعال فائرنگ کی اور مارٹر گولے برسائے۔ وزارت کے مطابق پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر جواب دیتے ہوئے افغان طالبان کی سات پوسٹیں تباہ کردیں جب کہ انہیں جانی اور مادی نقصان بھی پہنچا۔
اس کے بعد 30 اکتوبر کو پاکستانی فوج نے انگور اڈہ میں فائرنگ کے واقعے کے جواب میں جنوبی وزیرستان اور پاراچنار سے ملحقہ سرحدی علاقوں میں افغان طالبان کی متعدد پوسٹوں اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا۔
رپورٹ کے مطابق کارروائی میں بھاری ہتھیار استعمال کیے گئے، جس کے نتیجے میں افغان طالبان اہلکاروں کو اپنی پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہونا پڑا۔ سیکیورٹی ذرائع نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ کارروائی میں افغان طالبان کے متعدد اہلکار ہلاک ہوئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز ملک کی سرحدوں اور شہری آبادی کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔