
پاکستانی کمپنی ’سازگار‘ نے ملک میں کامیابی کے بعد بیرون ملک بھی اپنا پہلا مینوفیکچرنگ اور اسمبلی پلاںٹ شروع کر دیا ہے۔ فلپائن کے صوبے لگونا میں قائم یہ پلانٹ سالانہ تقریباً 12 ہزار رکشے تیار کرے گا۔ اس منصوبے کے تحت روایتی پیٹرول انجن والے رکشوں کے علاوہ الیکٹرک رکشے بھی تیار کی جائیں گی۔
پاکستانی آٹو موبائل کمپنی سازگار انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ نے فلپائن میں نئے مینوفیکچرنگ اور اسمبلی پلانٹ کا افتتاح کر دیا ہے۔
جمعرات کو منعقدہ افتتاحی تقریب میں فلپائن کے صدر فرڈینینڈ مارکوس اور فلپائن میں پاکستان کی سفیر عاصمہ ربانی نے بھی شرکت کی اور کمپنی کو اس کامیابی پر مبارک باد دی۔
فلپائن کے صوبے لاگونا کے شہر بیان میں ’سازگار‘ کے نئے پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ سرمایہ کاری ملک کی اس حکمت عملی کا حصہ ہے جس کے تحت غیر ملکی کمپنیوں کو مقامی مارکیٹ میں صرف مصنوعات کی فروخت کے بجائے ملک کے اندر پیداوار کی جانب راغب کیا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم اسی نوعیت کی سرمایہ کاری چاہتے ہیں جو صرف فلپائنی عوام کو مصنوعات فروخت نہ کریں بلکہ ان مصنوعات کو ملک کے اندر فلپائنی عوام کے ساتھ مل کر تیار کریں۔‘
فلپائن میں پاکستانی سفارت خانے نے جمعے کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اس تقریب کی ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبے لاگونا میں قائم اس پلانٹ کی پیداواری صلاحیت سالانہ تقریباً 12 ہزار رکشوں کی تیاری ہے۔ اس منصوبے کا ایک اہم پہلو الیکٹرک تھری وہیلرز (رکشے) کی تیاری ہے۔
ابتدائی مرحلے میں تیار کیے جانے والے رکشوں میں 60 فیصد الیکٹرک اور 40 فیصد روایتی ایندھن کے حامل (Internal Combustion Engine) ہوں گے۔
فلپائنی صدر مارکوس نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اس پلانٹ میں تیار کیے گئے الیکٹرک رکشے ایک مرتبہ مکمل چارج ہونے پر 100 سے 210 کلومیٹر تک سفر کر سکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اس پلانٹ سے فلپائنی ورکرز کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، جب کہ مقامی سپلائرز کو بھی کاروباری سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع ملے گا۔ ان میں بیٹری کے پرزے، ربڑ اور لبریکینٹس فراہم کرنے والے کاروبار بھی شامل ہیں۔
سازگار انجینئرنگ پاکستان میں رکشے تیار کرنے والی بڑی کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے اور اس کے پیداواری یونٹس لاہور میں واقع ہیں۔ کمپنی کی مصنوعات میں آٹو رکشے، ٹریکٹرز کے پہیوں کے رم اور گھریلو استعمال کی الیکٹرانک مصنوعات شامل ہیں۔
سازگار انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ کا قیام پاکستان میں 1991 میں بطور پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی عمل میں آیا تھا، جبکہ 1994 میں اسے پبلک لمیٹڈ کمپنی کا درجہ دے دیا گیا تھا۔
کمپنی تین پہیوں والی گاڑیاں بیرون ملک بھی برآمد کرتی ہے اور عالمی منڈیوں میں اپنی موجودگی بڑھانے کے لیے سرگرم ہے۔ ماضی میں سازگار جاپان، ایتھوپیا، قطر، دبئی، موریطانیہ اور افغانستان سمیت مختلف منڈیوں میں اپنے رکشے برآمد کر چکی ہے۔ سال 2024 میں کمپنی نے جاپان، لائبیریا، تنزانیہ اور افغانستان کو بھی تین پہیوں والی گاڑیاں برآمد کی تھیں۔
ستمبر 2025 میں سازگار انجینئرنگ نے اپنی برآمدی منڈیوں میں توسیع کے منصوبوں کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت فلپائن، میکسیکو اور افغانستان کو خصوصی طور پر ہدف بنایا گیا تھا۔ کمپنی کے مطابق ان اقدامات کا مقصد کاروباری ترقی کو مستحکم کرنا اور آمدنی کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنا ہے۔