
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران جنگ جلد اپنے اختتام کو پہنچ جائے گی، تاہم امریکا کو اس بات کی ضمانت درکار ہے کہ ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کے ساتھ جاری جنگ جلد ختم ہونے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تنازع جلد اپنے اختتام کو پہنچ جائے گا۔
قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کے مطابق امریکی ریڈیو اسٹیشن کے سی ایم او کو انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران جنگ جلد ختم ہو جائے گی، تاہم انہوں نے اس حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کو اس بات کی ضمانت درکار ہے کہ ایران کبھی جوہری ہتھیار نہیں بنائے گا۔
دوسری جانب العربیہ انگلش نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ واشنگٹن نے ثالثوں کو آگاہ کر دیا ہے کہ ایران کا اپنا جوہری پروگرام ترک کرنا کسی بھی مذاکرات کی بنیادی شرط ہے۔
ذرائع کے مطابق، ثالث ایران کے ساتھ اس امکان پر بات چیت کر رہے ہیں کہ جوہری تنصیبات تک بین الاقوامی معائنہ کاروں کو رسائی دینے کے بدلے ایران کے منجمد فنڈز میں سے کچھ رقم جاری کی جائے۔
ادھر ایران کے حوالے سے امریکی حکومت کے ارادوں پر متضاد اشارے سامنے آ رہے ہیں۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، صدر ٹرمپ اگلے ہفتے ہونے والے وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران پر حملوں کی ایک نئی لہر شروع کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
اسی دوران امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ایک نئے مجوزہ امن فریم ورک کے تحت تہران سے رابطے کر رہے ہیں۔ اس طرح ایران پر ممکنہ نئے حملوں کی تیاریوں سے متعلق اطلاعات کے ساتھ ساتھ سفارتی رابطوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔