ایپل نے اپنا پہلا ٹچ اسکرین میک بک متعارف کرادیا، قیمت کیا ہے؟

لیپ ٹاپ اور اسمارٹ فون کی دنیا میں صارفین کی توقعات تیزی سے بدل رہی ہیں۔ ٹچ اسکرین اب صرف موبائل فون اور ٹیبلٹس تک محدود نہیں رہی، بلکہ کمپیوٹر استعمال کرنے والے بھی اس سہولت کو اہمیت دیتے ہیں۔ ایسے میں ایپل نے اپنی طویل عرصے سے برقرار پالیسی میں تبدیلی کرتے ہوئے پہلی بار ٹچ اسکرین والے میک بک لیپ ٹاپ متعارف کرا دیے ہیں، جن کی قیمتیں بھی عام صارفین کے لیے خاصی زیادہ ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی شہر لاس اینجلس میں بدھ، 28 اکتوبر کو منعقدہ تقریب میں ایپل کے نئے سی ای او جان ٹرنَس نے میک بک پرو کے نئے ماڈلز پیش کیے۔ ان میں ٹچ اسکرین کے ساتھ آرگینک لائٹ ایمٹنگ ڈائیوڈ (او ایل ای ڈی) ڈسپلے شامل ہے، جس کے بارے میں کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ زیادہ واضح، روشن اور بہتر رنگوں کے ساتھ تصاویر دکھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ایپل نے لیپ ٹاپ کے پچھلے حصے پر روشن ہونے والے لوگو کی واپسی کا اعلان بھی کیا۔

تقریب میں ٹرنَس نے میک کمپیوٹرز کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میک پہلے سے زیادہ بہتر اور مضبوط ہو چکا ہے۔ یہ تقریب ان کی قیادت میں کمپنی کی نئی مصنوعات متعارف کرانے کی مہم کا حصہ ہے، جو گزشتہ ماہ سی ای او کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے جاری ہے۔

حال ہی میں ایپل نے اپنا پہلا فولڈ ہونے والا آئی فون ڈؤو متعارف کرایا تھا، جبکہ رواں ماہ کے آغاز میں نیویارک میں اسمارٹ ہوم ہب پیش کیا گیا۔ نئی ٹچ اسکرین میک بک کی آمد اس لیے بھی اہم ہے کہ ایپل نے برسوں تک اپنے لیپ ٹاپ میں ٹچ اسکرین شامل کرنے کے خیال کی مخالفت کی تھی۔

اسٹیو جابز نے 2010 میں ٹچ اسکرین کو غیر موزوں قرار دیا تھا، جبکہ ٹم کک نے 2012 میں لیپ ٹاپ اور ٹیبلٹ کو یکجا کرنے کے خیال پر تنقید کی تھی۔ جان ٹرنَس بھی کہتے رہے کہ آئی پیڈ پہلے ہی ٹچ اسکرین کمپیوٹر کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ تاہم، ونڈوز لیپ ٹاپ میں یہ ٹیکنالوجی ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے موجود ہے۔ تجزیہ کار اینشیل ساگ کے مطابق، ایپل کی پالیسی میں یہ تبدیلی وقت کے ساتھ ناگزیر ہو گئی تھی۔

اب قیمت کی بات کریں تو ایپل کے نئے میک بک پرو کی قیمت 14 انچ ماڈل 2,899 ڈالر جبکہ 16 انچ کے طاقتور ماڈل کے لیے 4,799 ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔ پاکستانی کرنسی میں 14 انچ ماڈل کی قیمت تقریباً 8 لاکھ اور 16 انچ ماڈل کی قیمت 13 لاکھ 26 ہزار روپے بنتی ہے۔

کمپنی کے مطابق، نیا 16 انچ ماڈل سابقہ ماڈل سے 0.7 پاؤنڈ ہلکا ہے۔ لیپ ٹاپ کی پیشگی بکنگ 28 اکتوبر سے شروع ہوئی ہے، جبکہ فروخت 6 نومبر سے ہوگی۔

ان لیپ ٹاپ کی کامیابی کا انحصار صارفین کے ردعمل پر ہوگا۔ آئی ڈی سی کے مطابق، یہ خصوصاً مواد تیار کرنے والوں، ڈیزائنرز اور فوٹوگرافروں کے لیے مفید ثابت ہو سکتے ہیں، جو ٹچ اسکرین پر کام کرنے کے عادی ہیں۔ تاہم، حریف کمپنیوں کے نسبتاً سستے لیپ ٹاپ ایپل کے لیے مقابلہ مشکل بنا سکتے ہیں۔

نئے میک بک پرو میں او ایل ای ڈی ڈسپلے استعمال کیا گیا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کی ایک ممکنہ خامی یہ ہے کہ اگر ایک ہی تصویر یا کسی ایپ کا مواد طویل عرصے تک اسکرین پر موجود رہے تو اس کے مستقل نشانات پڑ سکتے ہیں۔ اس مسئلے کو اسکرین برن اِن کہا جاتا ہے۔

ایپل کے مطابق، اس خطرے کو کم کرنے کے لیے لیپ ٹاپ کے ڈیزائن میں تبدیلی کی گئی ہے، تاکہ گرم ہوا کو ڈسپلے سے دور نکالا جا سکے۔ اس کے علاوہ ایم 5 چپس کی کمپیوٹنگ صلاحیت استعمال کرتے ہوئے اسکرین کے مواد کو مسلسل تازہ رکھنے کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔

ٹام مینلی کا کہنا ہے کہ صارفین او ایل ای ڈی اسکرین کی عمر عام ایل سی ڈی اسکرین جیسی ہونے کی توقع رکھ سکتے ہیں۔ ان کے مطابق، ایپل نے روشن اور واضح ڈسپلے کے ساتھ ٹچ اسکرین کی سہولت شامل کرکے ایک اہم پیش رفت کی ہے۔

تاہم، کچھ تجزیہ کاروں نے سوال اٹھایا ہے کہ ایپل اس مارکیٹ میں کتنی بڑی جگہ بنا سکے گا، جہاں کاروباری ادارے بڑی تعداد میں کمپیوٹر خریدتے ہیں اور قیمت کو اہمیت دیتے ہیں۔ لینووو، ایچ پی اور ڈیل جیسی کمپنیاں اس شعبے میں نسبتاً کم قیمت والے لیپ ٹاپ پیش کرتی ہیں۔

آئی ڈی سی کے مطابق، 2025 میں دنیا بھر میں 3 کروڑ 34 لاکھ ٹچ اسکرین لیپ ٹاپ فروخت کے لیے بھیجے گئے، جو گزشتہ سال سے 22 فیصد زیادہ تھے۔ ان کی اوسط قیمت 1,009 ڈالر تھی، جبکہ ایپل کے نئے میک بک پرو کی ابتدائی قیمت 2,899 ڈالر ہے۔ کمپنی کی مصنوعات کی بڑھتی ہوئی رینج ظاہر کرتی ہے کہ وہ مہنگے آلا ت کے خریداروں کو برقرار رکھتے ہوئے قیمت کے معاملے میں محتاط صارفین تک بھی رسائی بڑھانا چاہتی ہے۔ تاہم، یہ دیکھنا باقی ہے کہ نئی ٹچ اسکرین سہولت صارفین کو کتنی متوجہ کرتی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles