
پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے پر تقریبات کا سلسلہ جاری ہے، اسی سلسلے میں اسلام آباد میں چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا۔
تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ، چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ہے۔
چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان ذرائع ابلاغ کے تعاون کو فروغ دینا، معلومات کے تبادلے کو بہتر بنانا اور غلط خبروں و گمراہ کن معلومات کی روک تھام کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ یہ کوریڈور پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان رابطے کا پل ثابت ہوگا اور میڈیا، معلومات کے تبادلے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے میں مدد دے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ پاک چین دوستی ہر آزمائش میں مضبوط بن کر ابھری ہے اور دونوں ممالک کے درمیان آہنی بھائی چارہ دوستی کی ایک منفرد مثال ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اس دوستی کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمزکے ذریعے مزید مضبوط بنانا ہے، سی پیک نے توانائی منصوبوں کے ذریعے ترقی کی نئی راہیں کھولی ہیں۔
چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور کے آغاز پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان معلومات کے تبادلے اور ایک دوسرے کی ثقافت و روایات کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ یہ منصوبہ دونوں ممالک کے خلاف گمراہ کن معلومات کا مقابلہ کرنے اور عوام کے درمیان فاصلے کم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
حکام کے مطابق انفارمیشن کوریڈور کے تحت میڈیا، کاروبار، تحقیقی اداروں اور ثقافت، سیاحت و نوجوانوں کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ اس اقدام کے ذریعے پاکستان اور چین کے درمیان طویل عرصے سے جاری دوستی اور مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق مستند معلومات عوام تک پہنچانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔
پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر انفارمیشن کوریڈور کا آغاز دونوں ممالک کے درمیان میڈیا تعاون اور عوامی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔