بھارت نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں نیوزی لینڈ کو شکست دے دی، ابھیشیک کی دھواں دھار سنچری

بھارت نے تیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں دھواں دار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے دیا گیا 199 رنز کا ہدف بھارتی ٹیم نے محض 13.2 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ بھارت کی جیت کے ہیرو ابھیشیک شرما رہے، جنہوں نے صرف 38 گیندوں پر 113 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے تھے، تاہم بھارتی بلے بازوں نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ہدف کو آسان بنا دیا۔ بھارت نے ہدف حاصل کرتے ہوئے 40 گیندیں باقی رہتے ہی کامیابی حاصل کرلی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے فن ایلن اور ڈیرل مچل نے اننگز کا آغاز کیا اور بھارتی بولرز پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی۔ دونوں بلے بازوں نے صرف 27 گیندوں پر 50 رنز کی شراکت قائم کی۔ مچل نے 13 گیندوں پر 24 جبکہ ایلن نے 14 گیندوں پر 24 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ نے پاور پلے کے 6 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 58 رنز بنائے۔ ڈیرل مچل نے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے صرف 26 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی، جس میں 4 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔

مچل نے بیون جیکبز کے ساتھ مل کر بھی رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان 35 گیندوں پر 50 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ جیکبز نے 19 گیندوں پر 32 رنز بنائے، جبکہ نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 198 رنز بنا کر بھارت کو 199 رنز کا ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب میں بھارتی اوپنرز ابھیشیک شرما اور ویبھو سوریاونشی نے نیوزی لینڈ کے بولرز کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔ دونوں نے صرف 15 گیندوں پر 50 رنز مکمل کرلیے۔ ابھیشیک شرما نے صرف 15 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی، جس میں 4 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔

بھارت نے 5 اوورز میں 100 رنز مکمل کیے، جبکہ پاور پلے کے 6 اوورز ختم ہونے تک ٹیم کا مجموعی اسکور بغیر کسی نقصان کے 118 رنز ہوچکا تھا۔ اس دوران ابھیشیک شرما نے 20 گیندوں پر 67 رنز بنائے، جبکہ ویبھو سوریاونشی نے 11 گیندوں پر 26 رنز کا حصہ ڈالا۔

ابھیشیک شرما نے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی اور صرف 35 گیندوں پر سنچری مکمل کرلی۔ انہوں نے اپنی اننگز میں 9 چوکے اور 11 چھکے لگائے۔ ان کی بیٹنگ کے باعث بھارت نے ہدف کے تعاقب میں ابتدائی اوورز ہی میں میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی۔

بھارت نے 7.4 اوورز میں 150 رنز کا ہندسہ عبور کیا، جبکہ 10 اوورز مکمل ہونے پر ٹیم کا اسکور 2 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز تھا اور اسے جیت کے لیے صرف 21 رنز درکار تھے۔

نیوزی لینڈ کے بولر کائل جیمیسن نے ابھیشیک شرما کو آؤٹ کرکے ان کی اننگز کا خاتمہ کیا، تاہم اس وقت تک بھارتی ٹیم فتح کے قریب پہنچ چکی تھی۔ ابھیشیک شرما نے 38 گیندوں پر 113 رنز بنائے، جس میں 9 چوکے اور 11 چھکے شامل تھے۔

بھارت نے 13.2 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنا کر میچ اپنے نام کرلیا۔ اس طرح بھارتی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دی اور 40 گیندیں باقی رہتے ہوئے ہدف حاصل کرلیا۔

میچ میں ابھیشیک شرما کی سنچری فیصلہ کن ثابت ہوئی، جبکہ بھارتی اوپنرز کی تیز رفتار بیٹنگ نے نیوزی لینڈ کے بولرز کو دباؤ میں رکھا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے 198 رنز کا مجموعہ بنانے کے باوجود بھارتی ٹیم نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ہدف باآسانی حاصل کرلیا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles