
عراق کے وزیراعظم علی الزیدی نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ بغداد اپنی سرزمین سعودی عرب یا کسی دوسرے پڑوسی ملک پر حملوں کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گا۔
سعودی خبر رساں ادارے العریبہ کے مطابق عراقی وزیراعظم علی الزیدی نے خلیجی ممالک کے دورے کے آغاز پر بدھ کے روز ریاض میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ریاض میں دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے دوران علاقائی صورتِ حال، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
عراقی میڈیا کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے علاقائی خطرات سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی کوآرڈینیشن سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے کے مواقع کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر عراقی وزیراعظم علی الزیدی نے واضح کیا کہ ان کا ملک ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات اور ان کی خودمختاری کے احترام کی پالیسی پر سختی سے کاربند ہے۔ انہوں نے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والے حالیہ حملے کی شدید مذمت کی اور سویلین انفراسٹرکچر پر حملوں کو علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے بھی علاقائی استحکام اور مذاکرات کے فروغ کے لیے عراقی حکومت کی کوششوں کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
عراقی وزیراعظم نے سعودی عرب کا یہ دورہ ایسے وقت میں کیا ہے جب خطے میں کشیدگی عروج پر ہے، خاص طور پر یمن کی ایران نواز حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کے ایئرپورٹس اور بڑے شہروں کی جانب میزائل اور ڈرون حملوں میں تیزی آئی ہے۔
واضح رہے کہ عراقی وزیراعظم علی الزیدی نے جولائی میں سعودی عرب کا دورہ کرنا تھا جو عراقی حدود سے سعودی عرب پر حملوں کے بعد منسوخ ہوگیا تھا۔
بعد ازاں اگست میں بغداد میں عراقی وزیراعظم نے سعودی انٹیلی جنس چیف خالد بن علی الحمیدان سے ملاقات میں یقین دہانی کرائی تھی کہ عراقی سرزمین دوسرے ممالک پر حملوں کے لیے استعمال نہیں ہوگی۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک نے انٹیلی جنس شیئرنگ اور سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا تھا۔