
کینیڈین شاعرہ، مضمون نگار اور مترجم این کارسن نے ادب کا نوبیل انعام اپنے نام کرلیا ہے۔ 76 سالہ این کارسن شاعری، فکشن اور علمی تحقیق میں روایتی حد بندیوں کے بجائے منفرد اسلوب کے حوالے سے پہچان رکھتی ہیں۔
ادب کا نوبیل انعام کسی ایک کتاب کے بجائے کسی ادیب کے مجموعی ادبی کام اور زندگی بھر کی خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔ اسے عالمی ادب کے سب سے باوقار اعزازات میں شمار کیا جاتا ہے۔
نوبیل انعام کی کمیٹی کے مطابق این کارسن کو یہ انعام انکے جرات مندانہ اور تخلیقی کارناموں پر دیا گیا ہے، جنہوں نے کلاسیکی روایت کے ساتھ خوبصورت مکالمے کے ذریعے ادبی روایات میں نئی اصناف اور نئے انداز متعارف کرائے۔
این کارسن قدیم یونانی ادب کا انگریزی میں ترجمہ بھی کر چکی ہیں۔ وہ تین دہائیوں سے زائد عرصے تک کلاسیکی علوم کی پروفیسر کے طور پر بھی خدمات انجام دیتی رہی ہیں۔
ان کے ادبی کام میں شاعری، نثر، ترجمہ اور کلاسیکی ادب کے مطالعے کا امتزاج نمایاں ہے، جس نے انہیں عصرِ حاضر کی منفرد ادبی آوازوں میں شامل کیا ہے۔
Autobiography of Red (1998): یہ ان کی سب سے مقبول اور شاہکار کتاب مانی جاتی ہے۔ یہ نظموں کی شکل میں لکھا گیا ایک ناول (Verse Novel) ہے، جو قدیم یونانی اساطیر (Mythology) سے متاثر ہے۔
نوبیل انعام حاصل کرنے والی این کارسن انعام کے طور پر 12 ملین سویڈش کرونا بھی وصول کریں گی، جو تقریباً 9 لاکھ پاؤنڈ یا 12 لاکھ امریکی ڈالر کے برابر ہیں۔