صومالیہ میں بحری قزاقوں کے قبضے سے بازیاب 3 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے


صومالیہ میں بحری قزاقوں کے قبضے سے بازیاب ہونے والے ایم ٹی آنر 25 کے مزید 3 پاکستانی شہری طویل عرصے بعد وطن واپس پہنچ گئے، کراچی ایئرپورٹ پر اہل خانہ، عزیز و اقارب، گورنر سندھ نہال ہاشمی اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ان کا استقبال کیا۔
صومالیہ کے ساحل پر بحری قزاقوں کے چنگل سے بازیاب ہونے والے آئل ٹینکر “ایم ٹی آنر 25 کے تینوں پاکستانی کریو ممبران بازیابی کے طویل اور کٹھن مراحل طے کرنے کے بعد ایتھوپین ایئر لائنز کی پرواز ای ٹی 694 کے ذریعے کراچی پہنچے۔ وطن واپس پہنچنے والے کراچی کے خوش نصیب شہریوں میں حسین یوسف، عمران علی اور محمد یاسین شامل ہیں۔

جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کی آمد کے موقع پر اہل خانہ، عزیز و اقارب اور دوستوں نے پھولوں کے ہار پہنا کر ان کا پُرجوش استقبال کیا جب کہ ایئرپورٹ پر گورنر سندھ نہال ہاشمی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر طویل عرصہ بعد اپنوں کو گلے ملتا دیکھ کر ایئرپورٹ پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔
حکام کے مطابق وزارت خارجہ، اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن اور ایئرپورٹ اتھارٹی کی جانب سے وطن واپس آنے والے پاکستانیوں کے لیے انتظامات کیے گئے تھے۔
قزاقوں کی قید سے واپس آنے والے پاکستانیوں کے طبی معائنے کے لیے ڈاکٹر صنوبر کی قیادت میں جناح اسپتال کی میڈیکل ٹیم بھی ایئرپورٹ پر موجود تھی۔

یاد رہے کہ ایم ٹی آنر 25 کو صومالیہ کے ساحل کے قریب سمندری قزاقوں نے یرغمال بنا لیا تھا، جس کے بعد پاکستانی شہریوں کی رہائی اور وطن واپسی کے لیے سفارتی سطح پر کوششیں کی گئی تھیں۔ قانونی اور انتظامی مراحل مکمل ہونے کے بعد تینوں پاکستانیوں کو بحفاظت وطن واپس لایا گیا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی اپنے بیان میں بتا چکے ہیں کہ صومالیہ کے قزاقوں کے قبضے سے 3 پاکستانیوں کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ ان کی بازیابی کے لیے متعلقہ حکام اور سفارتی ذرائع کے ذریعے کوششیں کی گئی تھیں۔
اس سے قبل صومالیہ کے واقعے سے متاثرہ دیگر پاکستانیوں اور جاں بحق پاکستانیوں کی میتوں کو بھی وطن واپس لایا جا چکا ہے۔ حکام کے مطابق قزاقوں کے قبضے سے بازیاب پاکستانیوں کی وطن واپسی کے بعد ان کے اہلخانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles