وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں مسلسل تیسرے روز بھی کمی کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات مزید سستی کردیں۔
وزارت پیٹرولیم ڈویژن نے یکم اکتوبر کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے جاری کردہ طریقہ کار کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد وبدل کیا ہے۔
نوٹیکفیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 14 پیسے کی معمولی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 387 روپے 54 پیسے سے کم ہو کر 387 روپے 40 فی لیٹر قیمت مقرر ہوگئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 1 روپے 89 پیسے کی کمی کی گئی ہے، اس کمی کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 402 روپے 24 پیسے کم ہوکر 400 روپے 35 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگیا جب کہ نوٹیفکیشن اگلے ایک دن یکم اکتوبر کے لیے جاری کیا گیا ہے۔
وزارت توانائی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ عالمی سطح پر پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر عوامل میں تبدیلی کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز 29 ستمبر کو حکومت کی جانب سے پیٹرول 1 روپے 49 پیسے سستا کیا گیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 387 روپے 54 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 2 روپے 73 پیسے کمی کے بعد 402 روپے 24 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
اس سے قبل 28 ستمبر کو بھی حکومت کی جانب سے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 27 پیسے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 56 پیسے کی کمی کی گئی تھی، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 389 روپے 03 پیسے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 404 روپے 97 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
25 ستمبر کو حکومت نے اگلے 3 روز کے لیے 26 ستمبر سے 28 ستمبر تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا اعلان کیا تھا، پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 02 پیسے اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 391 روپے 30 فی لیٹر قیمت مقرر ہوگئی تھی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 59 پیسے کی کمی کی گئی تھی، اس کمی کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 408 روپے 53 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
واضح رہے کہ ستمبر کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مجموعی طور پر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، رواں ماہ کے ابتدائی 30 دنوں میں پیٹرول کی قیمت فی لیٹر قیمت میں قیمت 55 روپے 06 پیسے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 59 روپے 93 پیسے اضافہ ہوچکا ہے، جس کے باعث صارفین پر ایندھن کے اخراجات کا اضافی بوجھ پڑا۔
اسی طرح 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 21 مرتبہ کمی اور 29 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے وہی ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 19 مرتبہ کمی ہوئی جب کہ 31 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں اور مشرقِ وسطیٰ کی صورت حال سے منسلک ہے۔ خطے میں کشیدگی کے باعث عالمی تیل مارکیٹ میں قیمتوں میں تیزی سے تبدیلیاں ہوئیں، جن کے اثرات پاکستان میں بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر مرتب ہوئے۔ اس حوالے سے حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ کی بنیاد پر تعین کا فیصلہ کیا ہے تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جاتی اور قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔
مسلسل مہنگے ایندھن کے اثرات کم کرنے کے لیے 13 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کے لیے فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔