وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرتے ہوئے پیٹرول مہنگا اور ہائی اسپیڈ ڈیزل سستا کردیا ہے۔
وزارت پیٹرولیم ڈویژن نے 6 اکتوبر کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے جاری کردہ طریقہ کار کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد وبدل کیا ہے۔
نوٹیکفیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 88 پیسے کا معمولی اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 392 روپے 76 پیسے سے بڑھ کر 393 روپے 64 فی لیٹر قیمت مقرر ہوگئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 88 پیسے کی کمی کی گئی ہے، اس کمی کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 399 روپے 64 پیسے کم ہو کر 397 روپے 76 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے اگلے ایک دن 6 اکتوبر تک کے لیے ہوگا۔
وزارت توانائی کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں اور مشرقِ وسطیٰ کی صورت حال سے منسلک ہے جب کہ عالمی سطح پر پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر عوامل میں تبدیلی کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 21 مرتبہ کمی اور 32 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے وہی ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 21 مرتبہ کمی ہوئی جب کہ 32 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اس سے قبل گزشتہ ہفتے کے آخری روز حکومت نے 3 دن کے لیے 3 اکتوبر سے 5 اکتوبر تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا، جمعہ کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 10 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 30 کا اضافہ کیا گیا تھا، اضافے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 392 روپے76 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 399 روپے 64 پیسے ہو گئی تھی۔
واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ بحران کے باعث حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کیا جاتا ہے تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔
مسلسل مہنگے ایندھن کے اثرات کم کرنے کے لیے 13 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کے لیے فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔