وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے ایک بار پھر پیٹرول اور ڈیزل مہنگا کردیا ہے جب کہ نئی قیمت کا اطلاق 14 اگست کے لیے ہوگا۔
وزارت توانائی نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے حکومت کے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کے طریقہ کار کی بنیاد پر نئی قیمتوں کا تعین کیا ہے۔
نوٹیکفیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 45 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 325 روپے 43 پیسے فی لیٹر قیمت مقرر ہوگئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 16 پیسے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 383 روپے 95 پیسے ہوگئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا جب کہ نوٹیفیکشن ایک دن 14 اگست کے لیے جاری کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورت حال کے باعث حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ کی بنیاد پر تعین کا فیصلہ کیا ہے تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جاتی اور قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔