نہ صرف وزارتِ اعلیٰ بلکہ نائب وزیراعلیٰ کی نشست کی بھی پیشکش کی گئی تھی، سونو سود
بالی ووڈ کے معروف اداکار سونو سود کا کہنا ہے کہ انہیں نہ صرف وزارتِ اعلیٰ بلکہ بعد میں نائب وزیراعلیٰ کی نشست کی بھی پیشکش کی گئی تھی۔
حال ہی میں بالی ووڈ کے معروف اداکار سونو سود نے ایک انٹرویو میں کہا کہ انہیں نہ صرف وزارتِ اعلیٰ بلکہ بعد میں نائب وزیراعلیٰ اور راجیہ سبھا کی نشست کی پیشکش بھی کی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ انہیں یہ پیشکش ملک کے بہت بااثر افراد کی جانب سے کی گئی، جنہوں نے کہا کہ سیاست میں آکر انہیں کسی سے لڑنے کی ضرورت نہیں ہوگی تاہم اداکار نے انکار کردیا۔
سونو سود نے کہا کہ یہ ایک دلچسپ مرحلہ تھا جب بااثر لوگ ان سے مل کر تبدیلی لانے کی بات کرتے تھے اور ان سے کہا گیا کہ عوام بھی یہی چاہتے ہیں کہ وہ سیاستدان بن جائیں لیکن انہوں نے کہا کہ وہ سیاست سے دور رہنا چاہتے ہیں کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ سیاست میں آنے سے ان کی آزادی محدود ہو جائے گی، جو اس وقت انہیں لوگوں کی مدد کے لیے حاصل ہے۔
اداکار نے کہا کہ وہ سیاست کے خلاف نہیں ہیں اور ان کے کئی سیاست دان دوست ہیں جو اچھا کام کر رہے ہیں، لیکن فی الحال ان کا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ البتہ مستقبل میں ان کا ارادہ بدل سکتا ہے۔