وزیر اعظم کا گھریلو صارفین کو گیس سپلائی میں کمی کی شکایات پر نوٹس


وزیراعظم شہباز شریف نے گھریلو صارفین کی جانب سے ملک میں گیس سپلائی میں کمی کی شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی اجلاس کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گیس کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے سسٹم کی ساخت میں اصلاحات لانے کی ہدایت بھی کی۔ دوران اجلاس انہیں بریفنگ دی گئی کہ سسٹم میں سرپلس آر ایل این جی موجود ہے، جس کی وجہ سے گیس لوڈ مینجمنٹ میں پچھلے سال کی نسبت بہتری آئی ہے۔
بریفنگ کے مطابق گیس لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ پچھلے سال کی نسبت کم ہوا ہے، گھریلو صارفین کو صبح 5 بجے سے رات 10 بجے تک گیس فراہم کی جا رہی ہے، پاور سیکٹر کو بھی گیس کی ڈیمانڈ کے مطابق فراہم کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کو دوران بریفنگ بتایا گیا کہ صارفین کی شکایات کے حوالے سے ایس این جی پی ایل اور ایس ایس جی سی کے آن لائن ڈیش بورڈز فعال ہیں، ایس این جی پی ایل کی شکایات کو حل کرنے کی شرح 93 فیصد جبکہ ایس ایس جی سی کی شرح 79 فیصد ہے۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ ملک کی تمام گیس فیلڈز فعال ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles