بیٹی کی گریجویشن پر عدنان صدیقی کا جذباتی پیغام، والدین کو کیا نصیحت دی؟

بیٹی کی گریجویشن پر عدنان صدیقی کا جذباتی پیغام، والدین کو کیا نصیحت دی؟

عدنان صدیقی نے والدین کو بچوں کی تربیت سے متعلق اہم نصیحت کردی

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عدنان صدیقی نے اپنی صاحبزادی مریم کی گریجویشن کے موقع پر ایک جذباتی پیغام شیئر کرتے ہوئے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دیں۔

اداکار عدنان صدیقی نے سوشل میڈیا پر اپنی بیٹی کو گریجویشن کی مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ ان کے لیے سب سے بڑی خوشی صرف ڈگری حاصل کرنا نہیں بلکہ مریم کا ایک باکردار اور بااخلاق شخصیت کے طور پر پروان چڑھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گریجویشن زندگی کا ایک اہم سنگِ میل ضرور ہے مگر اصل کامیابی انسان کی اقدار اور کردار میں ہوتی ہے۔

عدنان صدیقی نے مزید لکھا کہ اولاد کی کامیابی والدین کے لیے اللہ تعالیٰ کی ایک بڑی نعمت ہے۔ ایسے مواقع انسان کو شکر ادا کرنے پر مجبور کر دیتے ہیں اور والدین کی برسوں کی محنت، رہنمائی اور قربانیوں کا صلہ محسوس ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ والدین اپنی اولاد کی بہترین تربیت کے لیے بے شمار قربانیاں دیتے ہیں، کبھی فکر کرتے ہیں اور کبھی یہ سوچتے ہیں کہ آیا وہ اپنی ذمہ داریاں درست انداز میں نبھا رہے ہیں یا نہیں لیکن بچوں کی کامیابیاں اس یقین کو مضبوط کرتی ہیں کہ ان کی محنت رائیگاں نہیں گئی۔

اپنے پیغام میں عدنان صدیقی نے دیگر والدین کو بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ صرف بچوں کی تعلیم پر ہی نہیں بلکہ ان کی اخلاقی تربیت، عاجزی، ہمدردی اور دیانت داری جیسی خوبیوں پر بھی توجہ دینا ضروری ہے کیونکہ ڈگریاں مواقع فراہم کرتی ہیں جبکہ اچھا کردار انسان کو کامیابی کی بلند منزلوں تک پہنچاتا ہے۔

آخر میں اداکار نے اپنی صاحبزادی کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنی بیٹی پر بے حد فخر ہے۔

عدنان صدیقی کی اس پوسٹ کو سوشل میڈیا صارفین اور شوبز شخصیات کی جانب سے خوب پذیرائی مل رہی ہے جبکہ مداح ان کے جذباتی پیغام اور بچوں کی تربیت سے متعلق خیالات کو سراہا رہے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles