ایران جنگ کی حکمتِ عملی پر ٹرمپ انتظامیہ میں اختلافات، الجزیرہ کا دعویٰ

عالمی نشریاتی ادارے الجزیرہ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ ایران کے خلاف جنگی حکمتِ عملی پر متحد نہیں، واشنگٹن میں اندرونی اختلافات بڑھتے جا رہے ہیں۔

الجزیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ ایران کے خلاف اپنی جنگی حکمتِ عملی پر واضح اتفاق رائے قائم کرنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی اہداف مسلسل تبدیل ہو رہے ہیں، حکمتِ عملی میں بار بار ردوبدل کیا جا رہا ہے اور پالیسیوں میں عدم تسلسل پایا جاتا ہے، جو اندرونی اختلافات کی نشاندہی کرتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی انتظامیہ کے اندر اختلافات اس حد تک بڑھ چکے ہیں کہ بعض اعلیٰ عہدیدار یا تو عہدوں سے ہٹائے جا رہے ہیں یا پالیسیوں سے اختلاف کرتے ہوئے مستعفیٰ ہو رہے ہیں۔

الجزیرہ کے مطابق بظاہر سوشل میڈیا پر طاقت کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے، تاہم اندرونی طور پر انتظامیہ تقسیم کا شکار نظر آتی ہے۔

اُدھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ٹروتھ سوشل“ پر بیان دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایران کے اندر قیادت کے حوالے سے ابہام ہے اور مختلف دھڑوں کے درمیان اختلافات موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران میں سخت گیر اور اعتدال پسند عناصر کے درمیان کشیدگی پائی جاتی ہے۔

دوسری جانب ایرانی قیادت نے ان بیانات کو مسترد کرتے ہوئے قومی اتحاد پر زور دیا ہے۔ ایرانی سپریم لیڈر، صدر، وزیر خارجہ اور اسپیکر پارلیمنٹ سمیت اعلیٰ رہنماؤں نے مشترکہ طور پر کہا ہے کہ قوم مکمل طور پر متحد ہے اور دشمن کے خلاف مضبوط موقف اپنائے ہوئے ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ اس وقت ایک طرح کے تعطل کا شکار ہے اور اس سے نکلنے کے لیے راستے تلاش کر رہی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles