آپریشن شعبان: 24 گھنٹوں میں مزید 13 دہشت گرد ہلاک، تعداد 39 ہوگئی: سیکیورٹی ذرائع


بلوچستان کے منگی ڈیم پولیس اسٹیشن پر دہشت گرد حملے کے بعد پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور بلوچستان پولیس کے ”آپریشن شعبان“ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 13 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے، جس کے بعد ہلاک دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 39 ہوگئی ہے جب کہ 5 جولائی سے جاری آپریشنز میں مجموعی طور پر 75 دہشت گرد ہلاک کیے گئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق منگی ڈیم پولیس اسٹیشن پر دہشت گرد حملے کے تسلسل میں پاک فوج، ایف سی اور بلوچستان پولیس کا ”آپریشن شعبان“ جاری ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الخوارج کے 26 خوارج کو 6 اور 7 جولائی کو پہلے ہی ہلاک کیا جا چکا ہے، آپریشن شعبان کے دوران دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف گھیرا مزید تنگ کردیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق زمینی اور اور ہوائی ایکشنز کے ذریعے فتنہ الخوارج کے خلاف متعدد کارروائیاں جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 13 خارجی دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں، آپریشن شعبان میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد مجموعی طور پر 39 ہو گئی ہے۔
آپریشن شعبان کے علاوہ آج صبح خضدار زیدی کے علاقے میں دہشت گردوں کا پولیس اسٹیشن پر حملہ بھی پسپا کردیا گیا ہے، پاک فوج اور ایف سی کے دستوں  کی برق رفتار کارروائی کے ذریعے 8  دہشت گردوں کے ہلاک ہونے کی مصدقہ اطلاعات ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 5 سے 6 مزید دہشت گردوں کے ہیلی کاپٹر آپریشنز میں مارے جانے کی بھی اطلاعات ہیں، 5 جولائی سے جاری آپریشن شبعان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں اب تک مجموعی طور پر 75 دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں۔
وزیر داخلہ کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج، ایف سی اور پولیس کے جوانوں پر پوری قوم کو ناز ہے، 13 خوارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتا ہوں۔
محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے پوری قوم یکجان ہے، قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles