ملک بھر میں موٹرویز اور ہائی ویز کے ٹول ٹیکس میں اضافہ


نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے ملک بھر کی اہم موٹرویز، قومی شاہراہوں اور ایکسپریس ویز پر ٹول ٹیکس میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئے نرخ آج سے نافذ العمل ہیں اور ان کا اطلاق تمام اقسام کی گاڑیوں پر ہوگا۔
نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے موٹرویز اور ہائی ویز استعمال کرنے والے مسافروں کے لیے ٹول ٹیکس کے نئے نرخ جاری کر دیے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نئے نرخ ایم-1، ایم-3، ایم-4، ایم-5، ایم-14، ای-35 (ہزارہ) ایکسپریس وے، کوہاٹ ٹنل اور اسلام آباد-مری ڈوئل کیرج وے سمیت ملک کے مختلف اہم روٹس پر نافذ کیے گئے ہیں۔
ان کا اطلاق کاروں، ویگنوں، بسوں، دو اور تین ایکسل ٹرکوں اور آرٹیکیولیٹڈ ٹرکوں سمیت تمام اقسام کی گاڑیوں پر ہوگا۔ این ایچ اے کے مطابق قومی شاہراہوں پر کار کا ٹول ٹیکس 100 روپے، ویگن کا 200 روپے اور بس کا 300 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
ایم-3 موٹروے (لاہور تا عبدالحکیم) پر کار کا ٹول ٹیکس 1000 روپے ہوگا، جب کہ ویگن کے لیے 1500 روپے، منی بس کے لیے 2200 روپے اور بس کے لیے 3150 روپے مقرر کیے گئے ہیں۔

ایم-4 موٹروے (پنڈی بھٹیاں تا ملتان) پر کار کا ٹول ٹیکس 1350 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ ویگن کے لیے 1950 روپے، منی بس کے لیے 2900 روپے اور بس کے لیے 4050 روپے ادا کرنا ہوں گے۔
اسی طرح ایم-5 موٹروے (ملتان تا سکھر) پر کار کا ٹول ٹیکس 1500 روپے مقرر کیا گیا ہے، جب کہ ویگن کے لیے 2200 روپے، منی بس کے لیے 3250 روپے اور بس کے لیے 4600 روپے ٹول فیس مقرر کی گئی ہے۔
این ایچ اے نے واضح کیا ہے کہ نئے نرخ تمام متعلقہ ٹول پلازوں پر فوری طور پر نافذ کر دیے گئے ہیں اور مسافروں سے نظرثانی شدہ فیس وصول کی جا رہی ہے۔
ملک بھر میں لاکھوں شہری روزانہ موٹرویز اور قومی شاہراہوں کا استعمال کرتے ہیں، اس لیے نئے نرخوں کا اثر نجی گاڑیوں کے مالکان کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ کمپنیوں اور مال بردار شعبے پر بھی پڑنے کا امکان ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles