
پاکستان میں غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کو ملک چھوڑنے کے لیے دی گئی مہلت آج ختم ہو رہی ہے، جس کے بعد کل سے ملک بھر میں کارروائی کا آغاز ہو گا اور گرفتاری کے ساتھ ملک بدری ہوگی۔
ذرائع کے مطابق بغیر ویزا مقیم افغان شہریوں کی مقررہ ڈیڈ لائن کا آج آخری روز ہے، جس کے بعد کل سے ملک بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بغیر ویزا مقیم افغان شہریوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے گا جب کہ غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کی ملک بدری کی مہم کو مزید تیز کیا جائے گا۔ کارروائیاں تمام صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بیک وقت کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق گرفتار افراد اور کارروائیوں سے متعلق تفصیلی رپورٹس وزارت داخلہ کو بھجوائی جائیں گی۔
دوسری جانب پشاور میں غیر قانونی افغان مہاجرین کے خلاف ڈیڈ لائن کے اختتام پر بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق آپریشن کے لیے شہر کو مختلف سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے جب کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کریک ڈاؤن سے قبل افغان مہاجرین اور تاجروں کو واضح انتباہ جاری کیا گیا ہے جب کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مختلف علاقوں میں افغان مہاجرین کے انخلا کے لیے آگاہی مہم بھی جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق رضاکارانہ وطن واپسی کے عمل میں بھی تیزی آئی ہے اور صرف ایک ہی روز میں درجنوں افغان خاندان اپنے وطن واپس روانہ ہو گئے ہیں۔
واضح رہے وفاقی وزارت داخلہ نے 28 جون 2026 کو چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان،چیف سیکرٹری آزاد کشمیر اورچیف کمشنر اسلام آبادکو فیصلوں پر عمل درآمد کے لیےخط لکھا تھا۔
وزارت داخلہ کے خط میں تمام ڈپٹی کمشنرز، پولیس اور قانون نافذ کرنےوالےاداروں کو ضروری ہدایات جاری کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔