پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے حیران کن انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایمان سے متعلق ماضی کے تنازع پر مجھے کافر قرار دیا گیا۔
حمزہ علی عباسی نے حالیہ ایک پوڈکاسٹ میں اپنی زندگی کے ایک حساس اور متنازع تجربے پر گفتگو کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
اپنے تازہ اسلامی پوڈکاسٹ میں انہوں نے بتایا کہ ایک بیان کے بعد انہیں شدید ردعمل اور گستاخی کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا۔
اداکار کے مطابق جب ان سے آخرت، اللہ اور ایمان کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ ان سب پر یقین رکھتے ہیں تاہم چونکہ انہوں نے اللہ کو دیکھا نہیں، اس لیے وہ اسے ”سو فیصد یقین“ کے ساتھ بیان نہیں کر سکتے، انکا یہی جملہ بعد میں تنازع کا باعث بن گیا۔
حمزہ علی عباسی نے بتایا کہ اس بیان کے بعد مجھے متعدد وارننگ کالز موصول ہوئیں اور بعض افراد نے یہاں تک کہا کہ میں دائرہ اسلام سے خارج ہو چکا ہوں، کچھ لوگوں نے مجھے مشورہ دیا کہ معافی مانگیں، دوبارہ کلمہ پڑھیں اور حتیٰ کہ اپنا نکاح بھی دوبارہ کریں۔
اداکار نے کہا کہ یہ صورتحال میرے لیے نہایت مشکل تھی میرے ایمان پر سوال نہیں اٹھیا گیا اور میرے الفاظ کو غلط تناظر میں پیش کیا گیا۔
تاہم ان کے اس انکشاف کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں، کچھ صارفین ان کی کھل کر بات کرنے کی تعریف کر رہے ہیں جب کہ کچھ اس بیان پر تنقید بھی کر رہے ہیں۔