میرا سیٹھی نے اپنی طلاق کا ذمہ دار کس کو ٹھہرایا؟

معروف پاکستانی اداکارہ، مصنفہ اور میزبان میرا سیٹھی نے پہلی بار اپنی طلاق اور اس سے حاصل ہونے والے تجربات پر تفصیل سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ شادی اور طلاق دونوں میرے ذاتی فیصلے تھے، اس لیے میں کسی اور کو اس کا ذمہ دار نہیں ٹھہراتیں۔

ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے میرا سیٹھی نے کہا کہ طلاق کے تجربے نے مجھے کئی اہم سبق سکھائے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ انسان کو صرف اپنی “گٹ فیلنگ” پر انحصار نہیں کرنا چاہیے اور نہ ہی کسی بھی رشتے کی خاطر اپنی اصل شخصیت تبدیل کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اکثر لوگ چاہتے ہیں کہ دوسرا شخص ان کی پسند اور توقعات کے مطابق خود کو بدل لے لیکن کسی بھی تعلق میں اپنی شناخت برقرار رکھنا ضروری ہے۔

میرا سیٹھی کا کہنا تھا کہ اس تجربے نے مجھے مزید پختہ نظر اور مضبوط بنایا، اب میں اس موضوع پر کھل کر بات کر سکتی ہوں کیونکہ میری طلاق کو کئی برس گزر چکے ہیں اور میں زندگی کے اس مرحلے سے آگے بڑھ چکی ہوں۔

اداکارہ نے معاشرتی رویوں پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشرے میں طلاق یا خلع لینے والی خواتین کو اکثر تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ شاید وہ رشتہ نبھانے میں ناکام رہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھ پر شادی کے لیے کسی قسم کا سماجی دباؤ نہیں تھا، میں نے نسبتاً بڑی عمر میں اپنی مرضی اور محبت کی بنیاد پر شادی کا فیصلہ کیا تھا، اس لیے میں اپنی شادی اور طلاق دونوں کی ذمہ داری خود قبول کرتی ہوں اور اس کا الزام کسی دوسرے شخص پر عائد نہیں کرتی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles