ندا یاسر نے بچوں کو اکیلے سفر کرنے کا مشورہ کیوں دیا؟ نئی بحث چھڑ گئی

ندا یاسر نے بچوں کو اکیلے سفر کرنے کا مشورہ کیوں دیا؟ نئی بحث چھڑ گئی

ندا یاسر کے حالیہ بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے سوالات اٹھا دیے

معروف ٹی وی میزبان ندا یاسر اپنے ایک حالیہ بیان کے باعث ایک بار پھر سوشل میڈیا پر صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔

اپنے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے ندا یاسر نے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ بچوں کو صرف جائیداد یا زیورات دینے کے بجائے انہیں خودمختار بنائیں اور زندگی کے عملی تجربات حاصل کرنے کے مواقع فراہم کریں۔

ندا یاسر کا کہنا تھا کہ ضرورت سے زیادہ حفاظتی رویہ بچوں کے اعتماد اور خود اعتمادی کو متاثر کر سکتا ہے۔ والدین کو چاہیے کہ بچوں کی ایسی تربیت کریں جس سے وہ نئے تجربات حاصل کریں، خود فیصلے کرنا سیکھیں اور عملی زندگی کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے قابل بن سکیں۔

انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ والدین کو بچوں میں اتنا اعتماد پیدا کرنا چاہیے کہ وہ ضرورت پڑنے پر کراچی سے لاہور تک تنہا سفر بھی کر سکیں۔

ندا یاسر کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آئیں۔ بعض صارفین نے ان کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے بچوں میں خودمختاری پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا جبکہ متعدد صارفین کا کہنا تھا کہ پاکستان کی موجودہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر کم عمر بچوں کو اکیلے سفر کرنے کا مشورہ مناسب نہیں۔

کئی صارفین نے یہ مؤقف بھی اختیار کیا کہ بچوں کی حفاظت والدین کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، اس لیے اس حوالے سے حالات اور عمر کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کیے جانے چاہییں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles