عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں کو اچانک بریک لگ گیا، پاکستان میں آج کتنا سستا ملے گا؟

عالمی منڈی میں گزشتہ چار دنوں سے سونے کی قیمتوں میں جاری مسلسل اضافے کا سلسلہ جمعرات کے روز اچانک ٹوٹ گیا ہے اور سونے کی قیمت میں ایک فیصد سے زائد کی نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔ جس کے بعد پاکستان میں بھی سونے کی قیمت نیچے آنے کا امکان ہے۔

اس اچانک تبدیلی کی بڑی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا وہ حالیہ خطاب ہے جس میں انہوں نے ایران کے خلاف جنگ جاری رکھنے اور اگلے دو سے تین ہفتوں میں مزید شدید حملوں کا اعلان کیا ہے۔

صدر ٹرمپ کے اس سخت لہجے اور جنگی عزائم کے باعث عالمی سرمایہ کاروں میں بے یقینی پیدا ہوئی ہے جس کے نتیجے میں سونے کی عالمی قیمت تقریباً 1.3 فیصد کمی کے ساتھ 4694 ڈالر فی اونس کی سطح پر آ گئی ہے۔

معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کے بیان نے مارکیٹ میں موجود اس امید کو ختم کر دیا ہے کہ شاید جنگ جلد ختم ہو جائے گی۔

اس کے ساتھ ہی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں چار فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے اور امریکی ڈالر کی قدر بھی بڑھی ہے، جس کی وجہ سے سونے جیسی مہنگی دھات پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔

یاد رہے کہ مارچ کا مہینہ سونے کے لیے 2008 کے بعد سب سے برا مہینہ ثابت ہوا تھا، اس دوران اس کی قیمت میں مجموعی طور پر 11 فیصد کی بڑی گراوٹ دیکھی گئی تھی۔

اس تمام صورت حال میں پاکستان کے مقامی صرافہ بازاروں میں آج سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی متوقع ہے۔

گزشتہ روز عالمی منڈی میں اضافے کے باعث پاکستان میں سونا تقریباً 4 لاکھ 94 ہزار روپے فی تولہ کی سطح پر پہنچ گیا تھا، لیکن اب عالمی سطح پر قیمتوں میں 150 ڈالر سے زائد کی کمی اور روپے کے مقابلے میں ڈالر کی مضبوطی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ آج پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 5 ہزار سے 7 ہزار روپے تک کی کمی ہو سکتی ہے۔

اس طرح مقامی سطح پر سونے کی قیمت 4 لاکھ 87 ہزار سے 4 لاکھ 89 ہزار روپے فی تولہ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles