برطانوی پارلیمنٹ میں پاکستانی موسیقی کا چرچا؛ راحت فتح علی خان کو بڑا اعزاز مل گیا
گلوکار راحت فتح علی خان اور ان کے بیٹے شاہ زمان خان کو خصوصی ایوارڈز سے نوازا گیا
برطانوی پارلیمنٹ میں عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان اور ان کے بیٹے شاہ زمان خان کو خصوصی ایوارڈز سے نوازا گیا۔
یہ پروقار تقریب برطانوی ارکانِ پارلیمنٹ طارق احمد، محمد یاسین اور افضل خان سمیت متعدد معزز شخصیات کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب کا اہتمام پاکستانی اور بنگلا دیشی موسیقار جوڑی کاشف راجہ اور ربائیت جہاں نے کیا تھا۔
اس سے قبل راحت فتح علی خان اور شاہ زمان خان نے لندن کے معروف مقام رائل البرٹ ہال میں ایک شاندار پرفارمنس پیش کی، جہاں انہوں نے اپنے فن کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے حاضرین سے بھرپور داد وصول کی۔
تقریب کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے راحت فتح علی خان نے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ میں ایوارڈ حاصل کرنا ان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے اور یہ کامیابی ان کے والدین کی دعاؤں اور مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وہ جلد ہی بنگالی زبان میں اپنا نیا گانا ریلیز کرنے والے ہیں، جس کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار ہے۔