کراچی میں طوفانی بارش، 20 افراد جاں بحق، آج پھر بارش کا امکان


محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں دوپہر کے بعد بارش کا امکان ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
کراچی میں گزشتہ رات ہونے والی طوفانی بارش اور تیز ہواؤں نے شہر کا نظام زندگی بری طرح متاثر کر دیا۔ مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس سے سڑکیں زیر آب آ گئیں اور کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ محکمہ موسمیات نے آج دوپہر کے بعد ایک بار پھر بارش کی پیشگوئی کی ہے، جس کے ساتھ تیز ہوائیں اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
رات گئے ہونے والی بارش کے دوران پیش آنے والے مختلف حادثات میں اب تک 20 افراد جاں بحق جبکہ 60 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق بلدیہ کے علاقے مواچھ گوٹھ میں دیوار گرنے سے 13 افراد جان سے گئے اور 3 زخمی ہوئے۔
زخمیوں اور لاشوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق افراد بارش سے بچنے کے لیے ایک عمارت میں پناہ لیے ہوئے تھے۔
قائد آباد کی مجید کالونی میں گھر کی دیوار گرنے سے میاں بیوی جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔ کورنگی کے مختلف علاقوں میں بھی حادثات پیش آئے، جہاں ایک مقام پر چھت گرنے سے ایک خاتون جان سے گئیں جبکہ ایک اور مقام پر درخت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔ اسی طرح شاہ لطیف ٹاؤن کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے بھی ایک شخص کی جان بحق جبکہ گلستان جوہر میں دیوار گرنے سے ایک بچہ جاں بحق ہوگیا۔ کلفٹن میں درخت گرنے سے ایک خاتون ہلاک ہوگئیں۔
بارش کے باعث شہر کے کئی اہم علاقوں جیسے صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، گلشن اقبال، بہادرآباد، طارق روڈ، شاہراہ فیصل، یونیورسٹی روڈ اور دیگر علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔ تیز ہواؤں کے باعث کئی درخت جڑ سے اکھڑ گئے، سائن بورڈز گر گئے اور کچے مکانات کی چھتیں بھی اڑ گئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش کورنگی میں 55 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ ماڑی پور میں 22، گلستان جوہر میں 13 اور کیماڑی میں 12 ملی میٹر بارش ہوئی۔ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی مختلف مقدار میں بارش ریکارڈ کی گئی۔
حکام نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر کمزور عمارتوں، درختوں اور بجلی کے کھمبوں کے قریب جانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے کیونکہ آج دوبارہ خراب موسم کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles