موہنی ڈے نے اے آر رحمان سے افیئر کی خبروں کی تردید کردی
گٹارسٹ موہنی ڈے نے بھارتی موسیقار اے آر رحمان سے افیئر کی خبروں کی تردید کردی ہے۔
گزشتہ دنوں بھارتی موسیقار اے آر رحمان اور اہلیہ کی طلاق کی خبر کے کچھ گھنٹوں بعد ہی انکے گروپ میں شامل گٹارسٹ موہنی ڈے نے بھی اپنے شوہر سے علیحدگی کا اعلان کردیا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین دونوں کی طلاق کو ایک دوسرے سے جوڑ رہے تھے۔
تاہم اب موہنی ڈے نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ ‘میرے پاس ایسی بہت سی شخصیات ہیں جو میرے لیے والد کا درجہ رکھتی ہیں جو میری زندگی میں رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں، میں واقعی خوش قسمت اور شکر گزار ہوں کہ انہوں نے میری پرورش میں اہم کردار ادا کیا اور اے آر رحمان ان میں سے ایک ہیں جن کی میں بہت عزت کرتی ہوں’۔
انہوں نے کہا ‘اے آر رحمان بالکل میرے باپ کی طرح ہیں بلکہ وہ میرے والد سے عمر میں تھوڑے ہی چھوٹے ہوں گے، ان کی بیٹی میری عمر کی ہے، ہم لوگوں کے دلوں میں ایک دوسرے کے لیے محبت اور عزت ہے’۔
موہنی ڈے نے کہا کہ ‘میں نے ان کے بینڈ کے ساتھ تقریباً 8 سال کام کیا، 5 سال قبل ہی میں امریکہ آئی اور یہاں کام کررہی ہوں، برائے مہربانی پرائیویسی کا خیال رکھیں، یہ ذاتی معاملہ ہے اور اس میں دخل اندازی نہ کریں’۔
گٹارسٹ موہنی ڈے نے کہا کہ ‘میرے اور اے آر رحمان کے خلاف غلط معلومات اور بے بنیاد مفروضوں، دعوؤں کو دیکھنا ناقابل یقین ہے، میڈیا نے میری اور اے آر رحمان کی طلاق کے واقعات کو جوڑ کر مجھے مجرم بنادیا ہے، میں نے 8 سال اے آر رحمان کے ساتھ کام کیا ، میں ان کے بچوں کی طرح ہوں‘۔