پاکستان میں موبائل نیٹ ورک کی خرابی، انٹرنیٹ کی سست رفتاری اور ناقص ٹیلی کام سروس صارفین کے لیے پریشانی کا باعث بنتی ہے، جبکہ اکثر افراد کو شکایت درج کرانے کے درست طریقہ کار کا علم نہیں ہوتا۔ ایسے صارفین کی رہنمائی کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے دو مرحلوں پر مشتمل طریقہ کار واضح کردیا ہے۔
پی ٹی اے کی ہدایات کے مطابق، اگر کسی صارف کو موبائل نیٹ ورک، انٹرنیٹ یا ٹیلی کام کمپنی کی کسی دوسری سروس سے متعلق مسئلہ درپیش ہو تو اسے سب سے پہلے اپنی متعلقہ کمپنی سے رابطہ کرنا ہوگا۔ اگر کمپنی مسئلہ حل نہ کرے یا اس کا جواب تسلی بخش نہ ہو تو صارف براہ راست پی ٹی اے سے شکایت کرسکتا ہے۔
اس طریقہ کار کے پہلے مرحلے میں صارفین کو اپنی متعلقہ ٹیلی کام کمپنی کے کسٹمر سروس سینٹر، کال سینٹر، آفیشل ویب سائٹ یا موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے شکایت درج کرانی ہوگی۔
شکایت درج کراتے وقت مسئلے کی مکمل وضاحت کرنا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ صارفین کو کمپنی سے شکایت کا ایک ریفرنس نمبر بھی حاصل کرنا چاہیے تاکہ بعد میں اس کی مدد سے شکایت کی صورتحال معلوم کی جاسکے۔ صارفین کو یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ شکایت درج کرانے کی تاریخ اور وقت کا ریکارڈ اپنے پاس محفوظ رکھیں۔
دوسرے مرحلے میں، اگر ٹیلی کام کمپنی مناسب وقت کے اندر مسئلہ حل نہیں کرتی یا صارف اس کے جواب سے مطمئن نہیں ہوتا تو وہ پی ٹی اے سے رجوع کرسکتا ہے۔
اس مقصد کے لیے پی ٹی اے کا شکایات درج کرنے کا آن لائن نظام استعمال کیا جاسکتا ہے۔ صارفین کو شکایت جمع کراتے وقت اپنی ذاتی معلومات کے ساتھ ٹیلی کام کمپنی کی جانب سے جاری کردہ شکایت یا ریفرنس نمبر بھی فراہم کرنا ہوگا۔

پی ٹی اے نے شکایات درج کرانے کے لیے مختلف ذرائع فراہم کیے ہیں۔ صارفین اس کے آن لائن پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے اپنی شکایت جمع کراسکتے ہیں، جس کے لیے پی ٹی اے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم پر جا کر درخواست دی جاسکتی ہے۔
اس کے علاوہ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین پی ٹی اے کی موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے بھی شکایت درج کراسکتے ہیں۔ صارفین کے لیے ہیلپ لائن 55055-0800 بھی دستیاب ہے، جہاں رابطہ کرکے شکایت ریکارڈ کرائی جاسکتی ہے۔
جو افراد براہ راست شکایت جمع کرانا چاہتے ہیں وہ پی ٹی اے کے ہیڈکوارٹر یا اس کے علاقائی دفاتر کا دورہ بھی کرسکتے ہیں۔
پی ٹی اے کی جانب سے واضح کردہ اس طریقہ کار کے تحت صارفین کے لیے ضروری ہے کہ وہ پہلے اپنی ٹیلی کام کمپنی سے رابطہ کریں اور وہاں سے حاصل کردہ شکایت نمبر سمیت تمام ضروری تفصیلات محفوظ رکھیں، تاکہ مسئلہ حل نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ اتھارٹی سے رجوع کرنے میں دشواری پیش نہ آئے۔