
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے انکشاف کیا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر حکومت کے ساتھ مذاکرات کے 9 سے 10 ادوار مکمل ہو چکے ہیں، جس کے بعد حکومت نے پیٹرولیم لیوی کو مرحلہ وار کم کرنے پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
حافظ نعیم نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ جماعت اسلامی نے اپنا حتمی مسودہ اور تکنیکی حل حکومت کو پیش کر دیا ہے، جبکہ حکومت عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پروگرام کا بہانہ بنا کر اس معاملے کو ٹالنے کی کوشش کر رہی ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کو متبادل تجاویز دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ 1800 سی سی سے بڑی گاڑیوں پر پیٹرولیم لیوی اور درآمدی ٹیکس میں اضافہ کیا جائے تاکہ عام اور متوسط طبقے کو ریلیف مل سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ بڑی گاڑیاں حکمران اور مراعات یافتہ طبقہ استعمال کرتا ہے، اس لیے ان پر اضافی مالی بوجھ ڈالنا چاہیے۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرکاری افسران کو 1300 سی سی سے بڑی گاڑیاں استعمال کرنے کی اجازت نہ دی جائے اور حکمرانوں کی مراعات میں کمی کی جائے۔
امیر جماعت اسلامی نے حکومت کی پیٹرول ریلیف اسکیم پر تنقید کرتے ہوئے اس کا دائرہ کار 800 سی سی سے بڑھا کر 1300 سی سی گاڑیوں تک پھیلانے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ 1300 سی سی گاڑیاں تنخواہ دار اور متوسط طبقے کی ضرورت ہیں جو باقاعدگی سے انکم ٹیکس ادا کرتا ہے۔
علاوہ ازیں انہوں نے کسانوں کے ٹریکٹرز، عوامی ٹرانسپورٹ اور ڈھائی کروڑ سے زائد موٹر سائیکل سواروں کو بھی اس ریلیف میں شامل کرنے پر زور دیا اور بتایا کہ حکومت عوام سے ماہانہ 150 ارب روپے لیوی وصول کر کے صرف 26 سے 30 ارب روپے کا ریلیف دے رہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرولیم لیوی کے مکمل خاتمے تک احتجاجی تحریک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے 22 نومبر کو کوئٹہ اور 29 نومبر کو مینارِ پاکستان لاہور میں جلسوں کا اعلان کیا۔
انہوں نے ملک میں آئل ریفائنریز، چینی، آٹے، گیس اور آئی پی پیز کے کارٹیلز کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف 16 اگست کو دھرنوں اور 3 ستمبر کو ملک گیر ہڑتال کا آغاز کیا تھا، جبکہ 22 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے مذاکرات کی درخواست پر اسلام آباد کی جانب ’سپر لانگ مارچ‘ عارضی طور پر ملتوی کر دیا گیا تھا۔