
کویتی وزارتِ دفاع کے مطابق جمعرات کو ایک اہم تنصیب پر مبینہ ایرانی حملے میں دو اطالوی شہریوں ہلاک جب کہ پاکستانی شہری سمیت دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔
کویتی وزارتِ دفاع کے ترجمان کرنل سعود العطوان نے بتایا کہ جمعرات کو ہونے والے ڈرون حملے میں زخمی ہونے والے دو اطالوی شہری دورانِ علاج انتقال کر گئے۔
کویتی فوج نے اس سے قبل بتایا تھا کہ حملے میں زخمی ہونے والے چاروں افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں ایک کویتی، دو اطالوی اور ایک پاکستانی شہری شامل ہیں۔
بیان کے مطابق اس حملے میں کویت میں ایک اہم تنصیب کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں گرنے والے ملبے سے چار افراد زخمی ہوئے تھے۔
کرنل سعود العطوان کا کہنا تھا کہ کویتی مسلح افواج نے جمعرات کو ملک کی فضائی حدود میں متعدد مشتبہ ڈرونز کی نشاندہی کی اور انہیں روکنے کے لیے کارروائی کی۔
ان کے مطابق مسلح افواج ملک کی خودمختاری، سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر ضروری اقدامات جاری رکھیں گی۔
اطالوی خبر رساں ادارے ’اے این ایس اے‘ نے بھی حملے میں زخمی ہونے والے دو اطالوی شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔