پاکستان میں قیمتی پتھروں کی کان کنی، ویلیو ایڈیشن اور برآمدات کی وسیع استعداد موجود ہے: وزیرِ اعظم


وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں قیمتی پتھروں کی کان کنی، ویلیو ایڈیشن اور برآمدات کی وسیع استعداد موجود ہے، قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہے ہیں۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت پاکستان میں قیمتی پتھروں کی ویلیو چین کی بہتری اور برآمدات میں اضافے کے لیے جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان میں قیمتی پتھروں کی کان کنی، ویلیو ایڈیشن اور انکی برآمدات کے حوالے سے وسیع استعداد موجود ہے، حکومت قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
قیمتی پتھروں کی شناخت کیلئے عالمی معیار کی لیبارٹریز
شہباز شریف نے کہا کہ قیمتی پتھروں کی شناخت و سرٹیفیکشن کے لیے بین الاقوامی معیار کی لیبارٹریز کا قیام یقینی بنایا جائے، قیمتی پتھروں کی پراسیسنگ کے لیے پاکستانی ماسٹر ٹرینرز کو سری لنکا اور تھائی لینڈ تربیت کیلئے بھیجا جائے. وزیراعظم نے سیکریٹری خارجہ کو سفرا کو اس حوالے سے متعلقہ ممالک میں مکمل تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کی.

انہوں نے مزید کہا کہ اللہ رب العزت نے پاکستان کو قیمتی پتھروں کے ذخائر کی دولت سے مالا مال کیا ہے، کان کنی کے فرسودہ طریقہ کار سے یہ بیش قیمتی دولت کا ضیاع ہو رہا ہے. حکومت نجی شعبے کو قیمتی پتھروں کی کان کنی اور پراسیسنگ کے حوالے سے سازگار ماحول فراہم کرے گی. قیمتی پتھروں کی مکمل ویلیو چین کے قیام کی طرف مثبت پیش رفت خوش آئند ہے.
وزیرِ اعظم نے معاون خصوصی توانائی، لیفٹینینٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال اور انکی ٹیم، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک، مشیر صنعت و پیداوار ہارون اختر اور متعلقہ حکام کی قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی کے لیے سینٹرز آف ایکسلینس کے قیام اور اصلاحات میں معاونت پر ستائش کی.
پاکستان میں قیمتی پتھروں کے وسیع ذخائر موجود
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان میں قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی، مکمل ویلیو چین کے قیام اور برآمدت میں اضافے کے لیے جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا. اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں قیمتی پتھروں کے وسیع ذخائر موجود ہیں، جہاں تقریباً 300 ملین قیراط قیمتی پتھر کے ذخائر کی توقع ہے اور 9 ہزار سے زائد کان کن 30 سے زیادہ اقسام کے پتھروں کی کان کنی سے وابستہ ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس شعبے سے منسلک کاروباروں کی تعداد 5,500 سے زائد ہے تاہم خام پتھروں کی برآمد، کان کنی کے دوران 50 فیصد سے زائد ضیاع، جدید مہارتوں کی کمی اور ویلیو ایڈیشن کے محدود مواقع اس شعبے کی ترقی میں بڑی رکاوٹیں ہیں جن کو دور کرنے کیلئے جامع لائحہ عمل مرتب کرلیا گیا ہے۔
قومی پالیسی برائے قیمتی پتھر 2026-2030 پر عملدرآمد
بریفنگ میں قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی کے لیے جاری اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد میں سہولت مراکز کے قیام کے لیے 4.10 ارب روپے کا منصوبہ، 80 بینکنگ سہولت ڈیسک، ارضیاتی نقشہ سازی، تربیتی مراکز کی بحالی اور بین الاقوامی تعاون کے اقدامات جاری ہیں جب کہ قومی پالیسی برائے قیمتی پتھر 2026-2030 پر عملدرآمد بھی شروع کیا جا چکا ہے۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ان اصلاحات میں آزادانہ ریگولیٹری اور نیشنل وارنٹی نظام کا قیام، خام قیمتی پتھروں کی برآمد پر پابندی، مشینری کی درآمد پر ٹیکس و کسٹمز ڈیوٹی میں چھوٹ، جدید تربیت، مقامی منڈیوں کی ترقی اور نجی شعبے کی شراکت داری کے ذریعے کان کنی سے تیار مصنوعات تک ویلیو چین قائم کرنا شامل ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، جام کمال خان، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، مشیر وزیرِ اعظم ہارون اختر، معاون خصوصی توانائی، لیفٹینینٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی.

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles