
قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کے مطابق ایران کی اسلامی انقلابی گارڈز کور (آئی آر جی سی) کی بحریہ کے کمانڈر نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر ایران کے کنٹرول میں ہے۔
’الجزیرہ‘ کے مطابق علی عظمئی نے خلیج میں واقع ایک جزیرے پر بحریہ کے آپریشنل یونٹ کے دورے کے دوران کہا کہ ایران نہ صرف اس آبی گزرگاہ کو کنٹرول کرتا ہے بلکہ اس نے آبنائے ہرمز کے اندر طاقت کا توازن تبدیل کرنے کی صلاحیت بھی حاصل کرلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس آبی گزرگاہ سے پُرامن اور محفوظ آمدورفت کا انحصار ایران کے جائز خودمختار حقوق کے احترام پر ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے ’ارنا‘ کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے بھی کہا ہے کہ ایران کے پاس آبنائے ہرمز کو بند رکھنے کے لیے کافی فوجی طاقت موجود ہے اور وہ اپنی میزائل صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے۔
جمعرات کو گفتگو کرتے ہوئے حسین محبی نے کہا کہ ایران آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی برقرار رکھنے، امریکی معیشت پر دباؤ ڈالنے اور اپنے علاقے کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق ایران کی فوجی طاقت درست نشانہ لگانے اور تباہ کن صلاحیت کی حامل ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایندھن کی اسمگلنگ میں ملوث متعدد جہازوں کو روزانہ مختلف واقعات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
حسین محبی کے مطابق ایرانی فورسز نے دشمن کے لڑاکا طیاروں، ایندھن بھرنے والے طیاروں اور ڈرونز کو بھی نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ طیارے ایندھن کی منتقلی کی ناکام کوششوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے پرواز کر رہے تھے۔ بعض ڈرونز مار گرائے گئے، جبکہ دیگر کو بحفاظت زمین پر اترنے پر مجبور کیا گیا۔
انہوں نے ان کارروائیوں کو ایران کی فوجی طاقت، دفاعی صلاحیت اور تکنیکی برتری کا مظہر قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایرانی فورسز دشمن کے طیاروں کو اپنے کنٹرول میں لے کر بحفاظت اتارنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
ایرانی ترجمان نے امریکا کے ساتھ فوجی صلاحیتوں کا موازنہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ میزائلوں اور جارحانہ و دفاعی ہتھیاروں کے شعبے میں ایران کی پوزیشن امریکا سے زیادہ مضبوط ہے، جبکہ واشنگٹن کو اسٹریٹجک ہتھیاروں کی قلت کا سامنا ہے۔
حسین محبی نے کہا کہ ایران کو ہتھیاروں کی کمی کا سامنا نہیں اور ملک اپنی میزائلوں کی مار کرنے کی حد، نشانے کی درستگی، صلاحیت اور تباہ کن قوت میں مزید اضافہ جاری رکھے گا۔