
کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب ایڈمن سوسائٹی میں زیر تعمیر عمارت گرنے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر کراچی انتظامیہ نے غیرقانونی اور غیر مجاز زیر تعمیر عمارتوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے آج شہر بھر میں 143 عمارتوں کو سیل کردیا ہے۔
کمشنر کراچی آفس کے مطابق ضلع جنوبی میں سب سے زیادہ 36 عمارتیں سیل کی گئیں، ضلع شرقی میں 35، کورنگی میں 29، ضلع وسطی میں 20، ضلع غربی میں 12، ملیر میں 7 اور کیماڑی میں 4 زیرتعمیر عمارتوں کو سیل کیا گیا۔
ضلع جنوبی میں سول لائنز کی 11، صدر کی 10، گارڈن اور آرام باغ کی 6،6 جب کہ لیاری کی 3 عمارتیں سیل کی گئیں جب کہ ضلع شرقی میں جمشید کوارٹرز کی 12، فیروزآباد کی 13، گلشن اقبال کی 4 اور گلزار ہجری کی 6 عمارتوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔
اسی طرح ضلع وسطی میں ناظم آباد کی 8، گلبرگ کی 3، نارتھ ناظم آباد کی 2، لیاقت آباد کی 6 اور نیو کراچی کی ایک عمارت سیل کی گئی جب کہ ضلع کورنگی میں کورنگی کی 12، شاہ فیصل کی 10، ماڈل کالونی کی 5 اور لانڈھی کی 2 عمارتیں سیل کی گئیں۔
اس کے علاوہ ضلع غربی میں منگھوپیر کی 5، اورنگی کی 4 اور مومن آباد کی 3 عمارتوں کے خلاف کارروائی کی گئی، ضلع ملیر میں ایئرپورٹ سب ڈویژن کی 6 اور مراد میمن گوٹھ کی ایک عمارت جب کہ ضلع کیماڑی میں کیماڑی کی 2، ماری پور اور بلدیہ کی ایک ایک عمارت سیل کی گئی۔
کمشنر کراچی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو کارروائیاں جاری رکھنے اور شہر میں غیرقانونی و غیرمجاز تعمیرات کی روک تھام یقینی بنانے کی ہدایت کی اور تعمیراتی قوانین پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔
سیکریٹری بلدیات، ڈی سی اور ایس ایس پی ایسٹ عہدوں سے فارغ
دوسری جانب کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی میں عمارت گرنے کے واقعے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سخت ایکشن لیتے ہوئے سیکریٹری بلدیات، ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ایسٹ کو عہدوں سے ہٹادیا اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے 16 متعلقہ افسران کو معطل کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں صوبائی وزرا سید ناصر حسین شاہ، ضیاءالحسن لنجار، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، کمشنر حسن نقوی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے عمارت گرنے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی ایسے واقعے کو برداشت نہیں کروں گا، جس میں جانی نقصان ہو یا کسی انسان کو اذیت پہنچے۔
مراد علی شاہ نے بریفنگ کے بعد وزیر بلدیات ناصر شاہ کی مشاورت سے سیکریٹری بلدیات وسیم شمشاد کو فوری عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا، جس کے بعد وسیم شمشاد کو ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے عہدے سے بھی ہٹادیا گیا جب کہ انہوں نے وفاقی حکومت سے وسیم شمشاد کی فوری معطلی اور انکوائری کی سفارش بھی کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ڈی سی ایسٹ نصراللہ عباسی جب کہ غفلت برتنے پر وزیر داخلہ کی مشاورت سے ایس ایس پی ایسٹ زبیر شیخ کو بھی عہدے سے ہٹادیا۔
مراد علی شاہ نے انکوائری میں ملوث پائے جانے والے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی کا حکم بھی دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے عمارت کے مالک سلمان طاہر اور بلڈر ذیشان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کرتے ہوئے چیف سیکریٹری کو عمارت کے آرکیٹیکٹ اور انجینئر کو بھی شامل تفتیش کرنے کا حکم دیا۔