
امریکی ارب پتی ایلون مسک نے ملک کے ہر بچے کو خلائی کمپنی اسپیس ایکس کے دو شیئرز دینے کا اعلان کیا ہے، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 18 ارب ڈالر بنتی ہے۔ اس اقدام کے تحت ہر بچے کو کمپنی کی جانب سے ایک اور مسک کی ذاتی ملکیت سے ایک شیئر ملے گا۔
دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک مختصر پیغام میں اس منصوبے کی تصدیق کی۔ اس سے پہلے اسپیس ایکس نے اعلان کیا تھا کہ وہ امریکی بچوں کے لیے قائم کیے گئے ٹرمپ اکاؤنٹ پروگرام کے تحت ہر فعال اکاؤنٹ میں کمپنی کا ایک نیا شیئر جمع کرائے گی۔ مسک نے کمپنی کی جانب سے دیے جانے والے شیئرز کے برابر تعداد میں اپنی ملکیت سے بھی شیئرز دینے کا وعدہ کیا ہے۔
دی گارجین کے مطابق اسپیس ایکس کے مطابق کمپنی کے شیئرز اگلے ماہ منتقل کیے جائیں گے، جبکہ مسک کی جانب سے دیے جانے والے شیئرز کی منتقلی بعد میں ہوگی۔ مسک نے اپنے پیغام میں بتایا کہ ان کے ذاتی شیئرز کی منتقلی اگلے سال جون میں ان پر عائد پابندی ختم ہونے کے بعد کی جائے گی۔
تاہم اسپیس ایکس نے فوری طور پر اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ آیا مسک کی جانب سے دیے جانے والے شیئرز بھی ٹرمپ اکاؤنٹس کے ذریعے ہی بچوں تک پہنچائے جائیں گے۔
ٹرمپ اکاؤنٹ پروگرام کا مقصد امریکا میں 18 سال سے کم عمر بچوں کو اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا موقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ کم عمری سے ہی اپنی دولت جمع کرنے کا آغاز کرسکیں۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق گزشتہ ماہ تک اس پروگرام کے تحت تقریباً 7 کروڑ اکاؤنٹس کھولے جا چکے تھے۔ اسپیس ایکس کے شیئرز بدھ کو 127.44 ڈالر پر بند ہوئے تھے۔ اس قیمت کے حساب سے مسک اور کمپنی کی جانب سے دیے جانے والے شیئرز کی مجموعی مالیت تقریباً 18 ارب ڈالر بنتی ہے۔
مسک نے اکتوبر میں بھی ہر امریکی بچے کو اسپیس ایکس کا ایک شیئر دینے کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔ اس وقت انہوں نے ایکس پر لکھا تھا کہ یہ ان کی جانب سے کیے جانے والے کئی عطیات میں سے پہلا ہوگا۔
جون تک مسک کے پاس اسپیس ایکس کے تقریباً 6 ارب 42 کروڑ شیئرز تھے۔ ان کی مجموعی دولت کا تخمینہ تقریباً 824 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔
بڑے کاروباری افراد کی فلاحی سرگرمیاں
دنیا کے کئی بڑے کاروباری افراد اپنی دولت کا بڑا حصہ فلاحی کاموں کے لیے مختص کرنے کا اعلان کرچکے ہیں۔
برکشائر ہیتھ وے کے سابق چیئرمین وارن بفیٹ اب تک تقریباً 60 ارب ڈالر عطیہ کرچکے ہیں۔ ان کا ارادہ ہے کہ وہ اپنی باقی ماندہ تقریباً 150 ارب ڈالر کی دولت کا بھی بیشتر حصہ فلاحی کاموں کے لیے دے دیں۔
اسی طرح بل گیٹس کی قائم کردہ گیٹس فاؤنڈیشن 2000 میں اپنے قیام کے بعد سے اب تک 100 ارب ڈالر سے زائد رقم مختلف فلاحی منصوبوں پر خرچ کرچکی ہے۔ اس رقم کا کچھ حصہ وارن بفیٹ کے عطیات سے بھی حاصل ہوا۔
مسک کی زیادہ تر فلاحی سرگرمیاں ان کے اپنے ادارے مسک فاؤنڈیشن کے ذریعے انجام دی جاتی ہیں، جس کے پاس اطلاعات کے مطابق تقریباً 16 ارب ڈالر کے اثاثے موجود ہیں۔
اسپیس ایکس کے شیئرز کی منتقلی اور بچوں کے اکاؤنٹس میں ان کی تقسیم کا عمل آئندہ ماہ شروع ہونے کی توقع ہے، جبکہ مسک کے ذاتی شیئرز اگلے سال جون کے بعد منتقل کیے جائیں گے۔